2 اپریل 2012 - 19:30

سنی تحریک پاکستان کے سربراہ ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ماضی میں ملک میں دہشتگردی کرنیوالے آج 'دفاع وطن‘‘ کے ٹھیکیدار بن گئے ہیں ان کا کہنا تھا جن دہشتگردوں نے کئی ماؤں کی گودیں اجاڑیں، سینکڑوں بچوں کو یتیم کیا، وہ حکومت کی گڈ بک میں ہیں، بلکہ اتحادی بن کر اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں۔

ابنا:حکومت خود دہشتگردوں کو آکسیجن فراہم کر رہی ہے، وزیر داخلہ رحمان ملک گرفتار ہونے والے 35 سو دہشتگردوں کو قوم کے سامنے لائیں اور ان دہشتگردوں کا تعلق جن جماعتوں سے ہے ان پر پابندی عائد کی جائے۔ کراچی کی ابتر صورت حال کیطرف اشا رہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کراچی میں لاشوں اور پلاٹوں کی سیاست کرنے والے حکومت کی صفوں میں موجود ہیں، پولیس سیاسی دباؤ کا شکار ہے، اس لئے کراچی میں امن قائم کرنے میں ناکام ہے۔

بلوچستان میں جاری دہشت گردی کیطرف متوجہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکوئٹہ میں نفرت کی آگ بیرونی آقاؤں کو خوش کرنے کے لئے جلائی جا رہی ہے، امریکہ اصل میں چین کو ٹف ٹائم دینے کے لئے بلوچستان میں بدامنی پھیلا رہا ہے اور اس کا ہدف ایران بھی ہے۔ اصل میں گوادر پورٹ چین کے لئے اور سرحد ملنے کی وجہ سے ایران کیلئے بلوچستان بہت اہمیت رکھتا ہے، چین کی معاشی ترقی امریکہ کو اچھی نہیں لگ رہی اور اس کا مروڑ ہندوستان اور عرب امارات کو بھی اٹھ رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ امریکہ، ہندوستان ، اسرائیل اور عرب امارات بلوچستان میں بدامنی پھیلا رہے ہیں۔....... /169