21 مارچ 2012 - 19:30

چین نے ایران کے ساتھ گروپ پانچ جمع ایک کے مذاکرات کے جلد از جلد انعقاد پر زور دیا ہے۔

ابنا: موصولہ رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں چین نائب سفیر وانگ مین نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں گروپ پانچ جمع ایک اور ایران سے اپیل کی ہے کہ وہ ان مذاکرات کو شروع کرنے اور انہیں پائیدار بنانے کے لیے تعمیری اقدامات کریں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ایران کا ایٹمی مسئلہ مذاکرات کے ذریعہ حل کیا جانا چاہیے، امید ظاہر کی کہ گروپ پانچ جمع ایک اور ایران تعمیری تدابیر اختیار کر کے اور مذاکرات شروع کر کے جلد از جلد اختلافات کو کم کریں گے اور اس مسئلے کے لیے ایک مناسب، جامع اور طویل مدت راہ حل تک پہنچ جائيں گے۔

وانگ مین نے ایک بار پھر ایران کے خلاف مغرب کی پابندیوں کو ناکام اور شکست خوردہ قرار دیا۔دوسری جانب چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ہونگ لی نے بھی گزشتہ روز بیجنگ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے خلاف مغرب کی پابندیوں پر تنقید کی اور اس بات پر زور دیا کہ بیجنگ اسلامی جمہوریہ ایران سے تیل کی خریداری جاری رکھے گا۔....... /169