15 مارچ 2012 - 20:30

بحرین کے بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم نے کہا ہے کہ ملت بحرین اپنے مطالبات سے دستبردار نہیں ہوگی اور اپنی تحریک جاری رکھے گي۔

ابنا: شیخ عیسی قاسم نے مسجد امام صادق علیہ السلام میں نماز جمعہ کے خطبوں میں کہا کہ ملت بحرین کے مطالبات کسی خاص گروہ کے مطالبات نہیں ہیں بلکہ ساری ملت بحرین کے مطالبات ہیں اور ہم اپنی تحریک سے دستبردار نہیں ہونگے۔

آیت اللہ شیخ عیسی قاسم نے آل خلیفہ کی حکومت کی تشدد پسندانہ پالیسیوں کی مذمت کرتےہوئے کہا کہ ملت بحرین نے فیصلہ کرلیا ہےکہ جب اسے اپنے خود ارادیت کی مانگ کرنے پر تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے تو وہ اپنی تحریک کامیابی تک جاری رکھے گي۔

انہوں نے حکومت کی جانب سے بیرونی افراد کو شہریت دینے کے اقدام کو اکثریت کو کنارے لگانے کی سازش سے تعبیر کیا اور کہا کہ جن انتخابات میں ایسے لوگ شرکت کریں وہ بے معنی ہونگے اور ان لوگوں کے ووٹوں سے جو حکومت بنائي جاے گي وہ بھی عوامی نہیں ہوگي۔

یاد رہے ملت بحرین آل خلیفہ کی امتیازی اور متعصبانہ پالیسیوں کے خلاف احتجاج کررہی ہے۔ملت بحرین میں اکثریت شیعہ مسلمانوں کی ہے جسے بنیادی حقوق سے بھی محروم کردیا گيا ہے۔ ....... /169