ابنا: اس سلسلے میں بحرین کے ایک سیاسی رہنما ہانی الرئیس نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ملت بحرین آل خلیفہ کی شاہی حکومت کی سرنگونی تک اپنے احتجاجات کا دائرہ وسیع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
ہانی الرئيس نے اس بات پر بھی تاکید کی کہ ملت بحرین کی انقلابی تحریک کی پہلی سالگرہ کے موقع پر چودہ فروری کے دن آل خلیفہ کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کیا جانا بے سود ہے ۔
ہانی الرئيس نے مزید کہا کہ آل خلیفہ کی سیکورٹی فورسز اور سعودی عرب کے قابض فوجی بحرین میں انقلابی تحریک کو ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر اس تحریک کا دائرہ پھیلنے کے سدراہ نہیں ہوسکتے ہیں اور نہ ہی ملت بحرین کو شکست نہیں دے سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ بحرین کے عوام گزشتہ ایک سال کے دوران آل خلیفہ کی شاہی حکومت کے کارندوں اور آل سعود کے فوجیوں کی جانب سے مظاہرین پر تشدد روا رکھے جانے کے باوجود اپنی پر امن انقلابی تحریک کا سلسلہ جاری رکھے ہوۓ ہیں۔
آل خلیفہ اور آل سعود کے فوجیوں کے تشدد کے نتیجے میں اب تک سیکڑوں بحرینی شہری جاں اور زخمی ہوچکے ہیں۔ عالمی سطح پر آل خلیفہ کے مظالم اور امریکہ کی جانب سے اس حکومت کی حمایت پر تنقید بھی کی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں ہیومن رائٹس واچ نے دیر سے ہی سہی لیکن بحرینی عوام کو کچلنے کے سلسلے میں آل خلیفہ کی شاہی حکومت کا ساتھ دینے کی بناء پر امریکہ کی مذمت کی ہے۔
واشنگٹن میں ہیومن رائٹس واچ کی ڈپٹی ڈائریکٹر ماریا میک فرلینڈ نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے بحرین کی حکومت کو اسلحے کی فروخت کا سلسلہ جاری رہنا اور آل خلیفہ کے مظالم پر خاموشی سادھے رکھنا در حقیقت منامہ کی حکومت کی حمایت ہی ہے کہ جو انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کررہی ہے۔
ماریا میک فرلینڈ نے مزید کہا ہے کہ بحرین حکومت نے دھوکے سے کام لیتے ہوۓ کہا تھا کہ وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ بند کردے گی اور اس طرح کے اقدامات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرے گی۔ لیکن منامہ حکومت نے کبھی بھی اپنے اس وعدے پر عمل نہیں کیا ہے۔
ماریا میک فرلینڈ نے بحرین میں گرفتار شدہ افراد پر تشدد کی جانب اشارہ کرتے ہوۓ اس بات پر تاکید کی ہے کہ آل خلیفہ کی شاہی حکومت متعدد افراد کی ہلاکتوں پر منتج ہونے والے تفتیش کے طریقوں کے بارے میں بین الاقوامی تنظیموں کو لاعلم رکھ رہی ہے ۔
انھوں نے مزید کہا کہ آل خلیفہ کی شاہی حکومت کے مظالم امریکہ اور دوسری یورپی حکومتوں کے گرین سگنل کی وجہ سے بدستور جاری ہیں اور امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھی اپنے حالیہ بیانات میں بالواسطہ طور پر بحرینی عوام پر روا رکھے جانے والے تشدد کی حمایت کی ہے۔.......
/169