ابنا: غزہ میں حماس کی کمیٹی کے نمائندے اسماعیل الاشقر نے کہا ہے کہ حماس اور فتح کے درمیان طے پانے والے اولین سمجھوتے میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ غزہ پٹی کے جن فلسطینیوں پر سفر کی پابندی عائد کی گئی تھی وہ اپنا پاسپورٹ حاصل کرنے کے لۓ اقدام کرسکتے ہیں۔
اسماعیل اشقر نے مزید کہا کہ دوسرا مسئلہ فلسطینیوں کا طلب کیا جانا تھا اس سلسلے میں طے پایا ہے کہ فلسطین کی خود مختار فلسطینی انتظامیہ رواں مہینے کی پندرہ تاریخ تک سیاسی بہانوں سے شہریوں کو طلب کرنے کا سلسلہ بند کر دے گي۔
حماس اور فتح تحریکوں کے درمیان دوسرے جن امور پر اتفاق ہوا ہے ان میں فلسطینی شہریوں کو آمد و رفت کی آزادی، اخبارات و جرائد کی ڈسٹری بیوشن، مغربی کنارے میں سرکاری نوکری اور کام حاصل کرنے والے افراد سے تفتیش کا سلسلہ بند کیا جانا اور مغربی کنارے اور غزہ پٹی میں قیدیوں کی ناموں کی فہرستوں کا تبادلہ شامل ہے۔
دوسری جانب فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی نے غزہ شہر میں اس تحریک کے ایک رکن کی شہادت کی خبر دی ہے۔ قدس نیٹ کی رپورٹ کے مطابق تحریک جہاد اسلامی فلسطین نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں آيا ہے کہ شجاعیہ کے علاقے سے تعلق رکھنے والا اس تحریک کا ایک بائيس سالہ رکن جہاد انور حبیب آج صبح ایک جہادی مشن کے دوران شہید ہوگيا ہے۔ ......../169