ابنا: اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے نائب سربراہ میجر جنرل جزائری نے امریکی عوام کی پریشانیوں اور بد حالی کو امریکی حکومت کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی عوام دیگر ممالک میں امریکی حکومت کی بے جا فوجی مداخلت سے تنگ آچکے ہیں اور امریکی عوام کے پاس اب امریکی حکومت کو گرانے کے سوا کوئي اورعلاج نہیں ہے انھوں نے کہا کہ امریکہ میں پیدا ہونے والا ہر بچہ آج 45 ہزار ڈالر کا مقروض ہے۔
انھوں نے کہا کہ امریکی حکومت نے وسیع پیمانے پر ذرائع ابلاغ کے ذریعہ جھوٹی تبلیغات کا سہارا لیا اورعراق میں عام تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کو بہانہ بنا کر عراق پر حملہ کردیا اور افغانستان میں دہشت گردی کے ساتھ مقابلہ کرنے کا بہانہ بنا کر افغانستان پر بڑے پیمانے پرلشکر کشی کی۔
انھوں نے کہا کہ صدام کی ہلاکت اور عام تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی عدم موجودگی اور پھربن لادن کی ہلاکت سے امریکی مکر و فریب کی قلعی کھل گئی اور امریکہ پوری دنیا میں رسوا ہوگیا ، میجر جنرل جزائری نے کہا کہ عراقی عوام و حکومت کی استقامت اور عالمی دباؤ کی وجہ سے امریکہ عراق سے نہ چاہتے ہوئے بھی نکلنے پر مجبور ہوگیا اور مالی بحران اور شکست کے علاوہ امریکہ کو عراق میں کچھ نہیں ملا ، جزائری نے کہا کہ امریکہ کو اس وقت افغانستان میں بھی زبردست شکست و ناکامی کا سامنا ہے۔
انھوں نے کہا کہ امریکہ نے اگر چہ عراق کو ترک کردیا ہے لیکن امریکہ کے ہوناک جرائم کی داستانیں اب بھی عراق میں موجود ہیں۔ انھوں نے کہا کہ علاقائی عوام میں امریکہ کے خلاف سخت نفرت پائی جاتی ہے اور امریکہ صرف چند عرب حکام کے رحم و کرم پر علاقہ میں موجود ہے ورنہ علاقائی قومیں امریکہ کو ایک لمحہ کے لئے بھی خطے میں دیکھنا پسند نہیں کرتی ہیں۔........
/169