19 دسمبر 2011 - 20:30

آئی اے ای اے میں اسلامی جمہوریۂ ایران کے نمائندے علی اصغر سلطانیہ نے ایک بار پھر کہا ہے کہ ایران کی ایٹمی سرگرمیوں میں کوئي خلاف قانون اقدام نہیں کیا گيا ہے۔

ابنا: علی اصغر سلطانیہ نے پیر کے روز یورپی پارلیمنٹ میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران کی ایٹمی سرگرمیوں میں کوئي خلاف قانون اقدام نہیں کیا گیا ہے غیرمشروط بات چیت کے لئے ایران کی آمادگي کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ اسلامی جمہوریۂ ایران نے یورینیم افزودہ کرنے کی ٹیکنالوجی پر عبور حاصل کرلیا ہے اور یہ کہ ایران کی تمام ایٹمی سرگرمیاں ایٹمی توانائي کی عالمی ایجنسی ، آئي اے ای اے ، کے زیر نگرانی جاری ہیں۔

علی اکبر سلطانیہ نے کہا کہ پابندیاں ، قراردادیں اور ایران کے ایٹمی سائنس دانوں کا قتل ، کوئي بھی چیز، ملت ایران کو ایٹمی توانائي کے پر امن استفادہ کے اس کے مسلمہ حق سے محروم نہیں کرسکتی اور مغرب بھی اس ناقابل انکار حقیقت کو تسلیم کرے اور مقابلے کے بجائے تعاون اور بات چیت کا راستہ اختیار کرے۔

انہوں نے کہا کہ یورپی عوام کا حق ہے کہ وہ ایران کی پر امن ایٹمی سرگرمیوں کے بارے میں جانیں لیکن ناقص اور سیاسی اہداف کی حامل اطلاعات یورپی عوام کی الجھن اور رائے عامہ کی گمراہی کا سبب بنی ہیں۔.............. /169