ابنا: مالدیپ میں سترہویں سارک سربراہ کانفرنس 20 نکاتی ایجنڈے کی منظوری کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی ہے مشترکہ اعلامیہ میں امن ، گڈ گورننس ، انسانی حقوق کے تحفظ اور غربت کے خاتمے کا عزم کیا گیا ہے۔سارک سربراہ کانفرنس مالدیپ کے شہر ادو میں دو روز تک جاری رہی جس میں تنظیم کے 8 رکن ممالک کے سربراہوں اور 9 مبصر ملکوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ 20 نکاتی ایجنڈے کی منظوری سے پہلے قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات اور سیڈ بینک کے قیام سمیت چار معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔ کانفرنس کے اختتام پرجاری مشترکہ اعلامئے کو ادو ڈیکلریشن کا نام دیا گیا جس میں سارک ممالک سے غربت کے خاتمے اور معیار زندگی بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔ کانفرنس کے شرکاء نے دہشت گردی کے مسلسل خطرے، ماحولیاتی آلودگی، موسمی تبدیلیوں کی وجہ سے لاحق خطرات اور بین الملکی منظم جرائم پربھی سخت تشویش ظاہر کی جن میں منشیات ، انسانوں اور اسلحے کی اسمگلنگ شامل ہے۔ کانفرنس میں ان خطرات اور جرائم سے نمٹنے کا عزم بھی ظاہر کیا گیا ہے۔...........
/169