10 اکتوبر 2011 - 20:30

لبنان میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر غضنفر رکن آبادی نے کہا ہے کہ ایران لبنان کی فوج کو مدد دینے اور دونوں ممالک کے باہمی دفاعی تعاون میں توسیع کے لۓ مکمل آمادگی رکھتا ہے۔

ابنا: غضنفر رکن آبادی نے بیروت میں لبنان کے وزیر دفاع فائز غضن سے ملاقات کے دوران دفاعی صنعتوں سمیت مختلف میدانوں میں ایران کی صلاحتیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوۓ کہا کہ ایسے حالات میں کہ جب لبنان کے خلاف صیہونی حکومت کے فضائي حملے مسلسل جاری ہیں ، ایران اور لبنان کے درمیان دفاعی تعاون میں توسیع بہت ضروری ہے۔ رکن آبادی نے لبنان کے صدر میشل سلیمان کے اس بیان کی جانب اشارہ کرتے ہوۓ ، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ لبنان کو باہمی دفاعی تعاون کے سلسلے میں ابھی تک تہران کا باضابطہ جواب موصول نہیں ہوا ہے ، کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران لبنان کی فوج کو مدد دینے اور دونوں ممالک کے باہمی دفاعی تعاون میں فروغ کے لۓ مکمل طور پر آمادہ ہے ۔ لبنان کے وزیر دفاع نے اس ملاقات میں لبنان کی مدد اور عرب اور اسلامی دنیا کے حقوق کا دفاع کرنے پر اسلامی جمہوریہ ایران کو سراہا۔ واضح رہے کہ لبنان کے صدر میشل سلیمان نے حال ہی میں ایک تقریر میں کہا ہے کہ لبنان کی حکومتیں ابھی تک اپنے ملک کی فوج کو مسلح کرنے کا کوئي پروگرام پیش نہیں کرسکی ہیں۔ اور میں نے تہران سے کہا ہے کہ وہ ہماری فوج کو ہتھیار فراہم کرے لیکن ہم ابھی تک تہران کی جانب سے جواب کے منتظر ہیں۔ .........../169