ابنا: اس بیان میں ، جو آج پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس میں پڑھا گيا ، کہا گيا ہے کہ علاقے ، خاص طور سے ، یمن اور بحرین کے حالات ایک حساس مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں اور ان ممالک میں سعودی عرب کی مداخلت کے پیش نظر بے گناہ افراد کا قتل عام یمنی اور بحرینی حکومتوں کی کمزوری کا غماز ہے۔بیان میں جس پر پارلیمنٹ کے دو سو بارہ ارکان نے دستخط کئے ہیں ، کہا گيا ہے کہ یمن اور بحرین کے مظلوم عوام کے بہیمانہ قتل عام پر مغرب کی خاموشی نے انسانی حقوق کے سلسلے میں مغرب کے جھوٹے دعووں کو دنیا والوں کے سامنے ایک بار پھر ثابت کردیا ہے۔ ایرانی ارکان پارلیمنٹ نے یمن اور بحرین کے عوام کے وحشیانہ قتل عام کی مذمت اور ان کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ جلد سے جلد ایک وفد انقلابیوں کے حالات کا جائزہ لینے کے لئے یمن اور بحرین بھیجے۔دوسری طرف بحرین کی جمعیت الوفاق نے بحرینی انقلابیوں کے لئے فوجی عدالت کے سنگین احکامات کی مذمت کی ہے۔العالم ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جمعیت اسلامی الوفاق نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انقلابیوں کے لئے فوجی عدالتوں کی طرف سے جاری کئے گئے احکامات میں ملزموں کے حقوق کے بارے میں بنیادی ترین بین الاقوامی معیاروں کا بھی ذکر نہیں کیا گيا ہے۔واضح ر ہے کہ بحرین کی ایک خصوصی عدالت نے گزشتہ پیر کو بتیس سیاسی کارکنوں کو مظاہروں میں شرکت کرنے کے الزام میں پندرہ سال کی سزائے قید سنائي ہے۔...........
/169