24 اگست 2011 - 19:30

پابندیوں کے باوجود میزائیل ٹکنالوجی میں ایران سب سے آگے.

ابنا: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر احمدی نژاد نے آج قادرمیزائل، والفجر تارپیڈو اور بحری جہازوں میں استعمال ہونےوالے انجن بنیان ایک کے منصوبوں کی رونمائي کی۔صدر جناب احمدی نژاد نے آج یوم دفاعی صنعت کے موقع پر کہا کہ اگر کسی نے ایران کے حلاف کوئي اقدام کیا تو اسے نہایت شدید جواب ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ ایران کی دفاعی پالیسی ڈیٹرینٹ کے اصول پر مبنی ہے اور ایران اپنی دفاعی طاقت سے دوسری سرزمینوں کی تسخیر اور انسانیت پر تسلط کےلئے استفادہ نہیں کرتا ہے۔ حالیہ چند دنوں کے دوران صدر ڈاکٹر احمدی نژاد کی جانب سے اس طرح کے سخت اور دو ٹوک مواقف کے اظہار سے ایک طرف جہاں عالمی طافتوں کے مقابلے میں ملت ایران کے عزم و حوصلے کی عکاسی ہوتی ہے وہیں دوسری طرف دشمن کے مقابلے میں ایران کی دفاعی طاقت کا اندازہ ہوتا ہے۔ اقتصادی محاصرے اور فوجی بائیکاٹ کے باوجود ایران نے دفاعی میدان میں جو بے پناہ ترقی کی ہے وہ ایک ایسی تلخ اور نا گوار حقیقت ہے جسے ایران کے دشمن نہ چاہتے ہوئے بھی تسلیم کرنے پر مجبور ہیں۔ قادر نامی کروز میزائل کی رینج دو سوکلومیٹر ہے اور دشمن کے سمندری اہداف اور اسکی بحریہ کے جنگي جہازوں اور کشتیوں کو نشانہ بناسکتا ہے اور اس کی تخریبی صلاحیت بھی بہت زیادہ ہے۔ اس میزائل کو ساحل اور جنگي جہازوں سے داغا جاسکتا ہے۔ اس میزائل کا مقصد ڈیٹرینٹ طاقت حاصل کرنا اور قومی اقتدار نیز ارضی سالمیت کا تحفظ کرنا ہے۔ والفجر نامی تارپیڈو، آبدوزوں سے داغا جاتا ہے اور ایران کی بحریہ کی توانائيوں کو بڑھانے میں نہایت مؤثر کردار کاحامل ہے۔ بنیان نامی انجن بھی ایرانی ماہرین نے تیار کیا ہے اور ایران کے جنگي اور تجارتی بحری جہازوں میں استمال کیا جائے گا۔ ان دفاعی منصوبوں کی رونمائی کی تقریب میں وزیر دفاع جنرل احمد وحیدی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران علاقائي سطح پر بے مثال صنعتی ترقی یافتہ ملک بن گيا ہے جو عالمی سطح پر مختلف ملکوں سے مقابلہ کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی وزرات دفاع کے پاس سیکڑوں جدید ترین دفاعی آلات اور ٹیکنالوجی موجود ہے۔بہرحال ایران اس وقت اسلامی ملکوں کے لۓ مکمل طور سے نمونہ عمل ہے جوایک اسلامی ملک ہونے کے باوجود صرف اور صرف اپنے وسائل اور افرادی قوت کے ذریعے اپنے پیروں پر کھڑا ہے۔ 
.............

/169