ابنا: مجلس وحدت مسلمین پاکستان انبیاء و آئمہ ھدیٰ ع کی سیرت پر چلتے ہوئے انسانیت کی خدمت کے فریضے کو عبادت سمجھ کر ادا کر رہی ہے۔ سیلاب زدگان پاکستان کی مشکلات ابھی ختم نہیں ہوئیں، قوم کے مخیر حضرات کو اپنے تعاون کے سلسلے کو جاری رکھنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار رکن شوری عالی و مرکزی سیکرٹری تبلیغات حجتہ الالسلام والمسلمین مولانا سید حسنین عباس گردیزی نے شاہ جہان ہوٹل ملتان میں دستر خوان امام سجاد ع کے موقع پر علماء و مخیر حضرات کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب سے پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام عبدالخالق اسدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرومین و مستضعفین اور پابرہنہ افراد کی خدمت اسلام کے اعلٰی قدروں میں سے ہے اور مسلمانوں کے امور میں غور کرنا اور حصہ لینا ہماری اہم ترین ذمہ داریوں میں سے ہے۔ انشاء اللہ قوم نے جس طرح ریلیف اور ریسکیو کے مرحلے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، تعمیرات اور بحالی کے مرحلے میں بھی ہم سرخرو ہوں گے۔ انشاء اللہ اس طرح کے پروگراموں کو پنجاب کے تمام اہم اضلاع میں منعقد کیا جائے گا، جن میں خصوصاً فیصل آباد، سیالکوٹ، لاہور اور راولپنڈی شامل ہیں۔ تقریب کی نظامت کے فرائض صوبہ پنجاب کے سیکرٹری فلاح و بہبود برادر دانش نقوی نے سرانجام دیئے اور اس دوران ماویٰ (محمد علی ویلفئر ایسوسی ایشن )کی خصوصی ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔ تقریب سے ضلعی سیکرٹری جنرل ملتان مولانا اقتدار نقوی نے بھی خطاب کیا۔
تقریب سے مرکزی سیکرٹری امور جوانان شیخ اعجاز حسین بہشتی نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ اسلام نے انفاق پر بہت زور دیا ہے امیرالمومنین حضرت علی ع نے بھی اپنی وصیت میں یتیموں، مسکینوں اور معاشرے کے مستضعف لوگوں کی خدمت کی خصوصی تاکید کی تھی۔ خیرالعمل فاؤنڈیشن پاکستان، ملت کے مستضعفین کے لیے ایک مثالی ادارہ ثابت ہو گا۔ تقریب سے خیر العمل فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی مسؤل برادر نثار فیضی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شھید بزرگوار علامہ عارف حسین الحسینی کی برسی کے موقع پر متاثرین سیلاب کے لیے قائم کیے گئے فلڈ ریلیف فنڈز کے ساتھ شروع کیے گئے خدمت کے اس سفر نے آج ایک تحریک کی شکل اختیا ر کر لی ہے اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رضاکار پاکستانی قوم کی اس مشکل گھڑی میں صف اول میں کھڑے دکھائی دے رہے ہیں۔ لیکن بدقسمتی سے ہمارا میڈیا، بین الاقوامی ادارے اور مخیر حضرات کی توجہ اس مسئلے سے کم ہونے کی وجہ سے تعمیراتی کاموں کی رفتار سست ہونا شروع ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیر العمل فاؤنڈیشن نے بحالی کی اس تحریک کو ازسرنو تشکیل دیتے ہوئے ملک بھر میں دسترخوان امام سجاد ع، دسترخوان امام حسن ع اور دیگر ائمہ ھدیٰ ع سے منسوب دسترخوانوں کا اہتمام کر کے مخیر حضرات کو فنڈ ریزنگ کی دعوت دینا شروع کی ہے۔ ملتان میں منعقدہ اس سلسلے کا یہ پہلا پروگرام ہے۔ انشاء اللہ ہمیں امید ہے کہ پہلے کی طرح بحالی کے اس اہم ترین مرحلے میں بھی تمام مخیر حضرات دل کھول کر اپنا حصہ ڈالیں گے۔ اس موقع پر سیلاب زدگان کی امداد کے لیے ایک خصوصی کوپن مہم کا بھی آغاز کیا گیا، جس میں حصہ لینے والے افراد کو بذریعہ قرعہ اندازی زیارات پر بھی بھجوانے کا خصوصی انعام شامل ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
/110