31 مارچ 2011 - 19:30

‎شام کے صدر بشار الاسدنے کہاہے کہ حکومت کے خلاف سازش بیرون ملک تیار کی گئی۔ دوسری جانب سیکڑوں افراد نے لتاکیہ میں آج بھی احتجاجی مظاہرہ کیا۔

ابنا: ‎شام میں دو ہفتوں سے جاری احتجاج کے بعد صدر بشار الاسد نے پارلیمنٹ سے خطاب کیا۔ جس میں انہوں نے کہا کہ لوگوں کی قلیل تعداد نے احتجاج کیا تاہم عوام کی اکثریت اس سازش کو ناکام بنادے گی۔ انہوں نے ملک میں نافذ ایمرجنسی کے خاتمے کے بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا۔ جس پر ان کے خلاف لتاکیہ شہر میں احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے صدر بشار الاسد کے خلاف نعرے لگائے اور آزادی کا مطالبہ کیا۔‎لیبیا کے وزیر خارجہ موسی کوسا اپنے عہدے سے استعفی دے کر سیاسی پناہ حاصل کرنے برطانیہ پہنچ گئے۔ دوسری جانب اتحادی ممالک نے لیبیا کے خلاف فوجی کارروائی جاری رکھنے پر اتفاق کرلیا۔  ‎فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق لیبیا کے وزیر خارجہ موسی کوسا مستعفی ہونے کے بعد سیاسی پناہ حاصل کرنے برطانیہ پہنچ گئے ہیں۔ لندن میں لیبیا کی صورتحال پر غور کے لیے چالیس ممالک کے اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ سلامتی کونسل کی قراداد پر مکمل عملدرآمد اور شہریوں پر تشدد کے خاتمے تک لیبیا کی حکومت کے خلاف فوجی کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ ‎دوسری جانب غیر ملکی نشریاتی اداروں کے مطابق اتحادی افواج کے فضائی حملوں اور بحری ناکہ بندی کے باوجود باغی زیرقبضہ علاقوں پر کنٹرول برقرار رکھنے میں تاحال کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔ لیبیائی فوج نے راس لانوف، نوفلیہ اور بن جواد سے باغیوں کو پسپاکردیا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

/110