ابنا: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان رامین مہمان پرست کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران، بحرین کی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال سے گریز کرے ۔ بحرین کی فوج نے گذشتہ روز جمعہ کو منامہ میں ہزاروں مظاہرین پر جو دو روز قبل مظاہروں کے دوران سیکورٹی فورسزکے ہاتھوں مارے جانے والوں کے جناز میں شریک تھے گولیاں چلادیں ۔ مظاہرین بحرین میں سیاسی اصلاحات اور جمہوریت کے قیام کا مطالبہ کررہے ہيں ۔ پریس ٹی وی کے مطابق بحرین کی فوج نے مشین گنوں سے ان مظاہرین پراندھا دھند فائرنگ کردی جو شہر کے سلمانیہ اسپتال کی جانب جارہے تھے جہاں زخمیوں کا علاج ہورہا تھا فائرنگ کے اس واقعہ میں سیکڑوں افراد زخمی ہوئے ہيں ابھی تک اس واقعہ میں مارے جانے والوں کے بارے میں کوئي اطلاع نہيں ہے ۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں اس امید کا اظہار کیا ہے کہ بحرینی عوام کے جمہوریت کی برقراری سے متعلق مطالبات کو تسلیم کیا جائے گا دوسری طرف بحرینی پارلیمنٹ کے ایک ممبر علی الاسود نے پریس ٹی وی سے اپنی گفتگو میں کہا کہ بحرینی فوج کا یہ وحشیانہ اقدام انسانی قتل عام تھا انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بحرینی عوام کے قتل عام کی روک تھام کے لئے فوری اقدام کرے ۔ اس درمیان یہ بھی اطلاعات ہیں کہ بحرین کے ولیعہد نے جنھیں ملک ميں ایک اعتدال پسند چہرے کے طور پر دیکھا جاتا ہے حکومت مخالف رہنماؤں کو مذاکرات کی دعوت دی ہے بحرین کے ولیعہد شیخ سلمان بن حمد آل خلیفہ نے کل ٹیلی ویژن پر اپنے ایک خطاب میں کہا کہ بات چیت کے دروازے کھلے ہيں اور ملک ميں اصلاحات کا عمل جاری ہے پارلیمنٹ میں حزب اختلاف کی جماعت الوفاق کے سترہ ممبران نے عوام کے خلاف سیکورٹی فورسز کے وحشیانہ اقدام پر احتجاج کرتے ہوئے استعفاء دے دیا ہے۔
.........
/110