5 نومبر 2010 - 20:30

روس کی اسلام کمیٹی کے سربراہ حیدرجمال نے امریکہ کے انسانیت سوز اقدامات اور مختلف ملکوں پر اس کے حملوں اور قبضے کی طرف اشارہ کرتےہوئے کہا ہےکہ امریکہ دنیا میں سب سے زیادہ انسانی حقوق پامال کرنے والا ملک ہے۔

حیدر جمال نے آج ایک بیان میں کہا کہ گذشتہ دھائیوں میں امریکہ نے ویتنام سمیت متعدد ملکوں پر حملے کرکے ان پر قبضہ کیا تھا جن میں عراق افغانستان اور سومالیہ کا نام بھی لیا جاسکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ کی ان جارحانہ کاروائيوں میں لاکھوں افراد لقمہ اجل بنے ہیں اور دسیوں لاکھ زخمی اور اپاہج ہوگئےہیں ۔ حیدر جمال نے کہا کہ امریکہ نے اپنی ان جارحانہ اور غیر انسانی پالیسیوں پر عمل کرتے ہوئے ہر اس ملک پر انسانی حقوق کی پامالی کا الزام لگا ہے جو واشنگٹن کی پالیسیوں کا مخالف ہے۔ انھوں نے کہا امریکہ انسانی حقوق کی پامالی کے بہانے اپنے مخالف ملکوں کےخلاف وسیع پیمانے پر پروپگینڈا بھی کرتا ہے۔ روس کی اسلامی کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ آج اقوام عالم بیدار ہوچکی ہیں اور اب وہ امریکہ کی مکارانہ اور یارکارانہ پالیسیوں کو تسلیم نہيں کریں گي اور نہ ہی ان سے فریب کھائيں گي اور سب سے بڑھ کر آج کی دنیا امریکہ کے انسانی حقوق اور جمہوریت نیز آزادی کے نعروں کی حقیقت سمجھ گئی ہے اور جانتی ہے کہ امریکہ کے یہ نعرے محض کھوکھلے نعرے ہیں اور امریکہ ان نعروں کے ذریعے اپنا مفاد حاصل کرتا ہے۔ قابل ذکرہے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے انسانی حقوق جائزہ اجلاس میں امریکہ میں وسیع پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی بناپر واشنگٹن کو شدید الفاظ میں تنقید کا نشانہ بنایا۔اقوام متحدہ میں انسداد ایذا رسانی کے شعبے کے رپورٹر مانفریڈ نواک (Manfred Nowak) نے اس نشست میں کہا کہ امریکہ میں وسیع پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالی ہوتی ہے۔ انھوں نے کہا امریکہ میں قیدیوں کو بری طرح جسمانی ایذائيں پہنچائی جاتی ہیں اور پولیس امتیازی رویے اور تشدد سے بالکل پرہیز نہیں کرتی۔ انھوں نے امریکہ میں انسانی حقوق کی پامالی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو اس صورت حال میں تبدیلی لانے کے لئے بنیادی اقدامات کرنے ہونگے۔ انسانی حقوق کونسل کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکہ میں منظم طریقے سے سیاہ فام امریکیوں، اقلیتوں، مسلمانوں اور مہاجریں کے حقوق پامال کئےجاتے ہیں۔ انسانی حقوق کونسل کی رپورٹ میں عالمی سطح پر امریکہ کے ہاتھوں انسانی حقوق کی پامالی کا بھی ذکر کیا گيا ہے اور کہا گیا ہے کہ عراق و افغانستان میں واقع امریکی جیلوں میں قیدیوں کے حقوق بری طرح پامال کئے جارہے ہیں جبکہ گوانتانامو میں واقع جیلخانے کی داستان تو سب کو معلوم ہی ہے۔ انسانی حقوق کونسل نے امریکہ کے ان اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ اس کونسل نے امریکہ کی نجی سیکورٹی کمپنیوں کو دیئے جانے والے قانونی تحفظ کی بھی مذمت کی ہے کیونکہ یہ کمپنیاں اس حق کا بے جا استعمال کرکے انسانی حقوق پامال کررہی ہیں۔ یادرہے اس وقت عراق اور افغانستان میں امریکہ کی نجی سیکورٹی کمپنیاں نہتے عوام پو قہر ڈھار ہی ہیں۔ واضح رہے کہ امریکہ کے ہاتھوں انسانی حقوق کی پامالی صرف اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی رپورٹ میں نہیں آئي ہے بلکہ بعض ویب سائٹوں نے بھی عراق اور افغانستان میں امریکہ کے جرائم سے پردہ اٹھایا ہے جو امریکہ جمہوریت اور عوامی حقوق کے دفاع کے نام پر انجام دے رہا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔

/110