ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کراچی کے سیکرٹری جنرل محمد مہدی کاکہنا تھاکہ حکومت صہیونی ایجنٹوں کے خلاف آپریشن کرے کہ جن کی دہشت گردانہ کارروائیوں کے سبب اب نہ تو جی ایچ کیو محفوظ ہے اورنہ ہی عوام پاکستان محفوظ ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر سانحہ لاہور اور بالخصوص کوئٹہ میں دھماکے کے بعد نہتے افرادپر فائرنگ کے ملزمان کوجلد از جلد گرفتار کیا جائے اور قرار واقعی سزا دی جائے، بصورت دیگر احتجاج کا سلسلہ وسیع کیا جائے گا۔سانحہ کوئٹہ اور لاہور کے ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف انچولی سوسائٹی اور شاہراہ پاکستان پر کل رات مشتعل افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دے کر مرکزی شاہراہ ٹریفک کے لیے بند کردی۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کی شب انچولی امام بارگاہ سے ایک احتجاجی ریلی لاہور اور کوئٹہ میں ہونے والے خود کش حملوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے شاہراہ پاکستان پہنچی اور سڑک پر دھرنا دے کر ٹریفک معطل کردیا۔

اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور حفاظتی انتظامات سخت کردیے۔ مظاہرین نے شاہراہ پاکستان پر ماتم کیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے حکومت سے مستعفی ہونے کا بھی مطالبہ کیا مظاہرین کا کہنا تھا کہ اب تک ہونے والے تمام بڑے سانحات کے ملزمان کو حکومت گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے، اس موقع پر پولیس اور رینجرز نے واٹر پمپ سے سہراب گوٹھ جانے اور آنے والی دونوں سڑکوں کو ٹریفک کے لیے بند کردیاجبکہ شاہراہ پاکستان پر موجود پیٹرول پمپ ،دکانیں اور مارکیٹیں بند کرادی گئیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
/110