بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ اگرچہ بہت سے لوگ عصری واقعات کا جائزہ جدید سیاسیات اور عمرانیات کے پیمانوں سے لیتے ہیں، لیکن ایک گہرا تجزیہ عیاں کرتا ہے کہ امام خمینی (رضوان اللہ علیہ) کی قیادت میں چلنے والی تحریک محض ایک نظام کی تبدیلی سے کہیں بڑھ کر تھی؛ یہ انسانی فکری افق میں ایک تبدیلی کی ترجمانی کرتی تھی؛ یعنی "مغربی مرکزیت" (Western subject-centrism - مغرب کو کائنات کا مرکز سمجھنے کے تصور) کے تعطل، سے نکل کر "توحید" اور "مہدوی" تہذیب کے افق کی جانب پیش قدمی۔ یہ ایک ایسا واقعہ تھا جس نے عصری دنیا کی فکری ساخت کو، بنیادی طور پر، بدل کر رکھ دیا۔
حصۂ سوئم
جمود پرستی اور "مغرب زدگی" کی دیواریں توڑنا
امام خمینی (رضوان اللہ علیہ) کی سب سے بڑی فکری خصوصیت "فقاہت" اور "توحیدی عرفان" کا حسین امتزاج ہے۔ جس طرح وہ مغرب کے سامنے ڈٹ کر کھڑے رہے، اسی طرح انھوں نے دینی مدارس کے اندر موجود جمود پرستی اور ایک اندھی، ریاکارانہ پَرہيزگاری کا بھی مقابلہ کیا۔ وہ اپنی کتاب "اربعین حدیث" ("تفکر" سے متعلق حدیث) میں، ان لوگوں پر سخت تنقید کرتے ہیں جنہوں نے حدیث "لا تَتَفَكَّرُوا فِي ذاتِ الله (خدا کی ذات میں غور و فکر نہ کرو)" کے بہانے عقلی تحقیق اور اللہ کی معرفتِ الٰہی کے دروازے بند کر دیئے لیکن یہ سمجھنے سے عاجز رہے کہ اگرچہ فلسفی "کُنہِ ذات" میں غور و فکر کرنے سے منع کرتے ہیں، لیکن وہ "مبدأ" (آغاز) اور "معاد" (انجامِ کار) کے بارے میں غور و فکر کرنے سے منع نہیں کرتے۔
اسی تاریخی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے، انقلاب کے رہبرِ شہید نے برسوں قبل دینی مدارس کے علماء پر زور دیا تھا کہ "جب تک مدارس ملا صدرا کے فلسفے پر مبنی عقلی تبدیلی کی جانب گامزن نہیں ہونگے، تب تک ان کا مقدر اور انجام کار صرف تنہائی یا زوال ہے۔ ایک مضبوط فلسفیانہ بنیاد کے بغیر کسی نئی تہذیب کی تعمیر ناممکن ہے۔"
تاریخِ معاصر کا "ولایت" اور عقیدۂ "موعود نجات دہندہ" (Promised Savior) سے تعلق
اسلامی انقلاب کے فکری ڈھانچے میں، منتظر شخص، محض کسی ایک فرد کی آمد کا منتظر نہیں ہے؛ بلکہ، اس کا مقصد "انسانِ کامل" کے وجودی مقام (Existential Status) کا ادراک ہے ـ جو وہی "السبب المتصل بين الأرض والسماء" (زمین اور آسمان کے درمیان متصل ذریعہ (Connected cause) ایک رابطہ" ہے۔ ائمہ (علیہم السلام) کو محض تاریخی یا روایتی نقطہ نظر سے دیکھنے سے انسانیت اس فیض سے محروم رہ جاتی ہے جو زمین اور آسمان کے اس تعلق سے جنم لیتا ہے۔ یہ بالکل اسی طرح ہے جیسے صدر اول کے مسلمانوں نے امیرالمؤمنین علی (علیہ السلام) کو محض ایک سیاسی حکمران کے طور پر دیکھا اور آپ کے مقدس اور ماورائی مقام سے غافل ہو گئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بقلم: مرتضی شفقی
ترجمہ: ابو فروہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ