15 اکتوبر 2026 - 15:25
حماس کی کولمبیا کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس میں سفارت خانہ کھولنے کی شدید مذمت

حماس نے کولمبیا کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس میں سفارت خانہ کھولنے کو فلسطینی عوام کے حقوق پر کھلا حملہ اور بین الاقوامی قوانین و اقوام متحدہ کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے کولمبیا کی حکومت کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس میں سفارت خانہ کھولنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے فلسطینی عوام کے حقوق پر کھلا حملہ اور بین الاقوامی قوانین و اقوام متحدہ کی ان قراردادوں کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے، جن میں بیت المقدس کی قانونی حیثیت میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کو مسترد کیا گیا ہے۔

حماس نے ایک بیان میں زور دیا کہ بیت المقدس فلسطین کی مقبوضہ سرزمین ہے اور اس شہر میں سفارت خانہ کھولنے کا کولمبیا کی حکومت کا اقدام فلسطینی عوام کے حقوق پر کھلی جارحیت کے مترادف ہے۔

تحریک نے کولمبیا کی نئی حکومت کی جانب سے اس ملک کے سابق صدر گستاو پیٹرو کے مؤقف سے پیچھے ہٹنے کی بھی مذمت کی۔ حماس نے کہا کہ پیٹرو نے غزہ میں نسل کشی کے جرائم کے ارتکاب پر صیہونی ریاست کے ساتھ اپنے ملک کے تعلقات منقطع کر دیے تھے۔

حماس نے زور دیا کہ کولمبیا کی نئی حکومت کا اپنے سابق صدر کے باوقار مؤقف سے پیچھے ہٹنا، ایک مجرم ریاست کی حمایت اور اس پر ناکام انحصار کے مترادف ہے، جس کی عالمی تنہائی میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔

تحریک نے کولمبیا کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس فیصلے سے دستبردار ہو اور ایسے اقدام سے گریز کرے جو فلسطینی عوام کے حقوق کی خلاف ورزی، مسئلہ فلسطین کی حقانیت کو نظرانداز کرنے اور فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور بیت المقدس کو دارالحکومت بنا کر ایک آزاد فلسطینی ریاست قائم کرنے کے حق کو پامال کرنے کے مترادف ہے۔

حماس نے آخر میں زور دیا کہ کولمبیا کی حکومت اس فیصلے کو منسوخ کرے اور بیت المقدس کی حیثیت اور فلسطینی عوام کے حقوق سے متعلق بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی پابندی کرے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کولمبیا نے اپنے وزیر خارجہ اور صیہونی ریاست کے وزیر خارجہ کی موجودگی میں مقبوضہ بیت المقدس میں اپنے سفارت خانے کا افتتاح کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha