1 اکتوبر 2026 - 16:17
بین الاقوامی اتحاد کے مشن کے خاتمے کے ساتھ عراق نئے دور میں داخل ہو رہا ہے: عراقی وزیراعظم

عراق کے وزیراعظم اور مسلح افواج کے کمانڈر انچیف علی فالح الزیدی نے بین الاقوامی اتحاد کے مشن کے خاتمے کے موقع پر کہا ہے کہ عراق نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہتھیار صرف ریاست کے پاس ہونے چاہئیں اور عراقی سرزمین غیر ملکی افواج سے پاک ہونی چاہیے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، عراق کے وزیراعظم اور مسلح افواج کے کمانڈر انچیف علی فالح الزیدی نے 30 ستمبر کو ’’یومِ حاکمیت‘‘ اور عراق میں بین الاقوامی اتحاد کے مشن کے خاتمے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک نئے دور کا اعلان کر رہے ہیں، جس میں عراق تنازعات کے میدان سے نکل کر ایسے ملک میں تبدیل ہو رہا ہے جو اپنے فیصلے مکمل طور پر خود کرتا ہے اور اپنی سرزمین اور خودمختاری کا تحفظ کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عراقی عوام نے برسوں کے صبر کی بھاری قیمت چکائی اور ملک میں مختلف ہتھیاروں کی تعداد بڑھتی گئی، یہاں تک کہ عراق اپنی اولاد کے لیے ایک محفوظ وطن ہونے کے بجائے دوسروں کے لیے میدانِ جنگ بن گیا۔

مسلح افواج کے کمانڈر انچیف نے نجف اشرف کی اعلیٰ مرجعیت کا عراق اور اس کے عوام کے دفاع میں دوٹوک مؤقف اختیار کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم شہداء اور زخمیوں کے حق کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور اپنی فوج، پولیس، انسدادِ دہشت گردی فورس، حشد الشعبی، پیشمرگہ اور تمام مسلح افواج و سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

الزیدی نے ان قومی قوتوں کے مؤقف کو سراہا جنہوں نے اپنے جنگی دستوں کو مسلح افواج کے کمانڈر انچیف کی کمان کے تحت دے دیا ہے۔ انہوں نے وطن کے لیے لڑنے والوں سے مخاطب ہوکر کہا: ’’ریاست کے دل میں رہیں، اس سے باہر نہیں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ آپ کے ہتھیاروں اور جوانوں کی جگہ ریاست اور اس کے اداروں میں ہے۔ آپ کا تجربہ اور قربانیاں ایک متحد قومی نظریے، ایک پرچم اور ایک مشترکہ فوجی و سکیورٹی فیصلے کے دائرے میں عراق کی خدمت کے لیے مزید طاقت بننی چاہئیں۔

عراق کے وزیراعظم نے زور دیا کہ حکومت اپنے بیٹوں کو مسترد نہیں کرتی بلکہ قانون اور آئین کے دائرے میں ان کی صلاحیتوں کو منظم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی خودمختاری کا فارمولہ ہے: ہتھیار صرف ریاست کے ہاتھ میں ہوں، عراقی سرزمین غیر ملکی افواج سے پاک ہو اور ایک ایسا قومی فیصلہ ہو جو سب کی نمائندگی کرے۔

الزیدی نے عراقی عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خودمختاری سے وفاداری ہم سب سے تقاضا کرتی ہے کہ عراق کے وسائل کا تحفظ کریں اور سرکاری املاک کی حفاظت کریں۔ ہم چیلنجوں کا مقابلہ کرنے اور ریاست کے وسائل کو ترقی دینے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے اور آپ سے عہد کرتے ہیں کہ امانت کی حفاظت کریں گے اور اپنی تمام کوششیں اس عظیم ملک کی خدمت کے لیے صرف کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم ریاست کے ستونوں کو مضبوط بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں؛ ایسے ستون جن میں عہدہ مفاد نہیں بلکہ ذمہ داری ہو۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha