اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، عراق کے صوبہ الانبار کے ایک سکیورٹی ذریعے نے مغربی الانبار کے صحرائی علاقوں میں داعش کے باقی ماندہ عناصر کے خاتمے کے لیے کارروائیوں میں امریکی حمایت یافتہ سیاسی حلقوں کی جانب سے رکاوٹیں ڈالنے کا دعویٰ کیا ہے۔
اس سکیورٹی ذریعے نے خبر رساں ادارے ’’المعلومہ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حشد الشعبی اور دیگر سکیورٹی اداروں نے متعدد مرتبہ بغداد کے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ الانبار کے صحرائی علاقوں میں مسلسل سکیورٹی آپریشن شروع کیے جائیں تاکہ دہشت گردی کے باقی ماندہ عناصر کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے، تاہم بااثر اداروں نے امریکہ کی مخالفت سمیت مختلف وجوہات کی بنا پر یہ مطالبات مسترد کر دیے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی فوج اب بھی راوہ، رطبہ، جزیرہ اور الانبار کے مختلف صحرائی علاقوں میں دہشت گرد گروہوں کے خاتمے کی کارروائیوں میں رکاوٹ ڈال رہی ہے۔ ان کے بقول، یہ صورتحال واضح طور پر اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ عراق میں اپنے مفادات کے حصول کے لیے داعش کو بیرونی اور بین الاقوامی حمایت حاصل ہے۔
اس سکیورٹی ذریعے نے مزید بتایا کہ حشد الشعبی نے متعدد مرتبہ بغداد میں موجود سکیورٹی کمانڈز سے رابطہ کرکے الانبار کے صحرا میں داعش کے چھوٹے گروہوں کے خاتمے کے لیے سکیورٹی آپریشن شروع کرنے کی اجازت طلب کی، تاہم اسے اب تک کوئی جواب نہیں ملا۔
آپ کا تبصرہ