16 ستمبر 2026 - 15:03
امریکی میڈیا کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 3 افراد ہلاک، 2 زخمی

امریکی شہر لاس اینجلس کے علاقے چیٹس ورتھ میں ٹریفک حادثے کی فضائی کوریج کے دوران این بی سی لاس اینجلس کا نیوز ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،  یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب نیوز ہیلی کاپٹر ایک شہری بس اور مسافر گاڑی کے درمیان ہونے والے تصادم کی براہ راست فضائی کوریج کے لیے پرواز کر رہا تھا، تاہم اسی دوران ہیلی کاپٹر خود حادثے کا شکار ہو کر زمین پر گر گیا۔

رپورٹ کے مطابق جس ٹریفک حادثے کی کوریج کی جا رہی تھی، اس میں بھی 2 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوئے۔

لاس اینجلس فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق ہیلی کاپٹر گرنے کے بعد آگ بھڑک اٹھی اور شعلوں نے 4 گاڑیوں اور 2 کنٹینرز کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ فائر فائٹرز نے کچھ ہی دیر میں آگ پر قابو پالیا۔

فائر ڈپارٹمنٹ نے بتایا کہ کم از کم ایک ہلاک شخص ہیلی کاپٹر کے اندر موجود تھا، تاہم یہ واضح نہیں کہ دیگر 2 افراد ہیلی کاپٹر میں سوار تھے یا زمین پر موجود تھے۔ نیوز نیٹ ورک کی انتظامیہ نے بھی تاحال ہیلی کاپٹر میں سوار افراد کی تعداد نہیں بتائی۔

حادثے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکیں، تاہم امریکی نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ اور فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha