برطانیہ میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی ایک عرب تنظیم نے مصری حکام کے ہاتھوں دو روز قبل غزہ اور مصر کے درمیان سرحد پر زیرزمین سرنگ میں چار فلسطینیوںکی زہریلی گیس کے حملے میں شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرنگوں میں کام کرنے والے مزدوروں کے قتل کے احکامات مصر کے اعلیٰ سطح کے حکام نے جاری کیے تھے۔تنظیم کے لندن میں قائم دفتر سے جمعرات کے روز جاری ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ بدھ کے روز غزہ اور مصر کے درمیان سرنگ میں موجود چار فلسطینیوں کی شہادت اور دیگر نو کے زخمی ہونے کی تمام ترذمہ داری مصر پرعائد ہوتی ہے۔ مصری سیکیورٹی حکام کی دانستہ طور پر ایک سرنگ میں 'مہلک گیس' چھوڑنے سے یہ ہلاکتیں ہوئیں، جبکہ اس اقدام کے اعلیٰ سطح کی جانب سے احکامات جاری کیے گئے۔ بیان میں مزید کیا گیا ہے کہ مصری بارڈر سیکیورٹی فورسز سرنگوں کے خلاف اپنی جنگ کو کامیاب بنانے کے لیے ان میں مہلک گیس چھوڑتی ہے، جس سے اب تک دنیا کی نظروں سے اوجھل درجنوں فلسطینی شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔انسانی حقوق کی تنظیم کا کہنا ہے کہ اس کے زیراہتمام غزہ اور مصرکے درمیان سرنگوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کے سلسلے میں کی جانے والی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ گذشتہ چار برس کے دوران سرنگوں میں کم ازکم 54 افراد جاں بحق ہوئے ، ان میں سے بڑی تعداد مہلک گیس کے ذریعے ہلاک ہوئی، یہ گیس مصری سیکیورٹی حکام کی جانب سے سرنگوں میں چھوڑی جاتی رہی ، جوانتہائی مہلک گیس ہے، جسکے جسم میں سرایت کرتے ہی موت واقع ہو جاتی ہے۔ بیان میں مزید کہاگیا ہے کہ مصری سیکیورٹی فورسز کی جانب سے استعمال کی جانے والی گیس کی ماھیت اور اس کی نوعیت کے بارے میں غزہ میں شہری کچھ نہیں جانتے ،اورنہ ہی مہلک گیس سے بچاؤ کے لیے ان کے پاس ایسے آلات یا اس کے اثرات کم کرنے کے لیے ان کے پاس وسائل ہیں۔تنظیم کا کہنا ہے کہ مصر کی جانب سے سرنگوں میں موجود فلسطینیوں کا قتل عالمی انسانی حقوق اوربین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، جبکہ مصر دانستہ طور پراس جرم کا مرتکب ہورہا ہے۔ مصر کی اعلیٰ سطح کی حکومتی کمان کی جانب سے غزہ کی معاشی ناکہ بندی کو مزید سخت کرنے اور سرنگوں میں موجود افراد کو قتل کرنے کے احکامات جاری ہوتے ہیں۔تنظیم نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پرمصر کے ان جنگی جرائم کا نوٹس لیتے ہوئے سرنگوں میں پھنسے شہریوں کی ہلاکتوں کی تحقیقات کرائے۔واضح رہے کہ غزہ کی پٹی گذشتہ چار برس سے اسرائیل کی معاشی ناکہ بندی کی زد میں ہے، جس کے باعث باہرسے بنیادی ضرورت کی اشیاء کی فراہمی ختم ہوگئی ہے۔ غزہ کے محصور شہری زیر زمین سرنگوں کے ذریعے ادویات اور بنیادی ضرورت کا دیگر سامان غزہ منتقل کرتے ہیں۔
..........
/110