اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، جنوبی کوریا کی میرین کور نے اعلان کیا ہے کہ امریکا نے اگلے ماہ ہونے والی مشترکہ بحری و بری فوجی مشقیں منسوخ کردی ہیں۔
جنوبی کوریا کے میرین کور کے ترجمان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ امریکی فریق نے جون میں باضابطہ طور پر آگاہ کیا تھا کہ فوجیوں کی کمی کے باعث ڈویژن کی سطح پر ہونے والی مشق کے لیے مطلوبہ تعداد میں امریکی اہلکار فراہم کرنا ممکن نہیں۔
ترجمان کے مطابق دونوں ممالک مشترکہ فوجی مشقوں کی بحالی کے حوالے سے اب بھی مذاکرات کر رہے ہیں۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا اور جنوبی کوریا کی ایک اور سالانہ مشترکہ فوجی مشق کا دائرہ اچانک محدود کرنے کا حکم دیا تھا۔ یہ مشق گزشتہ جمعے کو اختتام پذیر ہوئی۔ ٹرمپ نے بڑھتے ہوئے اخراجات اور جنوبی کوریا کی جانب سے ایران کے خلاف جنگ میں امریکا کا ساتھ نہ دینے کو اس فیصلے کی وجوہات میں شامل کیا تھا۔
امریکا اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقوں میں کمی کے باوجود شمالی کوریا نے گزشتہ ہفتے 10 مختصر فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل داغے اور ایک بیان جاری کرکے ان فوجی مشقوں کی مذمت کی۔
حالیہ پیش رفت کے بعد جزیرہ نما کوریا کی سکیورٹی صورتحال اور مشرقی ایشیا میں امریکا اور اس کے اتحادیوں کی فوجی تیاری پر علاقائی جنگوں کے اثرات کے حوالے سے تشویش میں اضافہ ہوگیا ہے۔
آپ کا تبصرہ