25 جولائی 2026 - 16:33
کتائب سید الشہداء: زائرانِ اربعین کے خون کا حساب حملہ آوروں کے لیے بھیانک انجام بنے گا

اسلامی مزاحمتی تنظیم کتائب سید الشہداءؑ کے ایران میں قائم دفتر نے زائرانِ اربعین پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کھلی دہشت گردی، بین الاقوامی قوانین اور انسانی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس جرم کے ذمہ دار عناصر اپنے انجام سے نہیں بچ سکیں گے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، اسلامی مزاحمتی تنظیم کتائب سید الشہداءؑ کے جمہوریہ اسلامی ایران میں قائم دفتر نے زائرانِ اربعین حسینی پر حالیہ حملے کے بعد جاری اپنے بیان میں اس واقعے کو دہشت گردانہ اور انسانیت سوز جرم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نہتے زائرین کو نشانہ بنانا تمام بین الاقوامی قوانین، انسانی حقوق کے ضابطوں اور بنیادی انسانی اقدار کی صریح خلاف ورزی ہے۔

بیان میں حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شہداء کے خون کا حساب ضرور لیا جائے گا اور اس جرم کے منصوبہ سازوں اور ذمہ داروں کو اپنے اقدامات کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔

کتائب سید الشہداءؑ نے شہداء کو حضرت امام مہدیؑ، رہبرِ معظم انقلاب حضرت آیت اللہ سید مجتبی حسینی خامنہ ای، شہداء کے اہل خانہ، ملتِ ایران اور مکتبِ عاشورا سے وابستہ تمام آزادی پسندوں کی خدمت میں خراجِ عقیدت اور تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان شہداء کا پاکیزہ خون راہِ مقاومت کو مزید مضبوط کرے گا۔

بیان میں کہا گیا کہ حالیہ حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادی میدان میں ناکامیوں کے بعد اخلاقی اور قانونی تمام سرحدیں عبور کر چکے ہیں اور نہتے زائرین کو نشانہ بنا کر اپنی بے بسی اور خوف کا اظہار کر رہے ہیں۔

کتائب سید الشہداءؑ نے مزید کہا کہ دشمن یہ سمجھتا ہے کہ زائرانِ اربعین کا خون بہا کر وہ اس عظیم عالمی اجتماع کی عظمت اور اثر و رسوخ کو کمزور کر سکتا ہے، لیکن یہ تصور محض ایک خام خیالی ہے۔ بیان کے مطابق اس طرح کے اقدامات سے نہ صرف اربعین کی تحریک کمزور نہیں ہوگی بلکہ مزاحمتی محاذ مزید متحد اور مضبوط ہوگا۔

بیان کے اختتام پر تنظیم نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے شہریوں اور زائرانِ حسینی کے خلاف ہونے والے منظم جرائم ہرگز بے سزا نہیں رہیں گے اور ان کے ذمہ دار عناصر کو اپنے اقدامات کے ناگزیر اور سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha