28 مئی 2026 - 16:32
ایران کی وزارتِ خارجہ: جنگ بندی کی بار بار خلاف ورزی پر امریکی اقدام قابلِ مذمت

ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بندرعباس کے بعض علاقوں پر امریکی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی علاقائی سالمیت اور قومی خودمختاری کے خلاف جارحانہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے آج بروز جمعرات کی صبح سویرے بندرعباس کے بعض علاقوں پر ہونے والے امریکی فوجی حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی سرزمین اور قومی خودمختاری کے خلاف یہ جارحانہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کی صریح خلاف ورزی ہیں، اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر لازم ہے کہ وہ امریکی جارحیت کا نوٹس لیتے ہوئے اپنی قانونی ذمہ داری ادا کرے۔

ترجمان وزارتِ خارجہ نے  جنگ بندی کی مسلسل امریکی خلاف ورزیوں کا ذکر کرتے ہوئے، خلیج فارس اور بین الاقوامی سمندری حدود میں تجارتی جہاز رانی کو نشانہ بنانے اور گزشتہ چند روز کے دوران جنوبی ایران پر فضائی حملوں کی طرف اشارہ کیا۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اقوام متحدہ کے منشور کے آرٹیکل 51 کے مطابق اپنی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

اسماعیل بقائی نے ایران اور خطے کے بعض دیگر ممالک کے خلاف امریکی حکام کی دھمکی آمیز زبان کی بھی مذمت کی اور دوست و برادر ملک عمان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے ایک رکن ملک کو "تباہ" کرنے کی دھمکی دینا، جو ہمیشہ خطے کے امن و استحکام میں مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرتا رہا ہے، نہ صرف طاقت کے استعمال کی دھمکی کی ممانعت کے بنیادی اصول کی خلاف ورزی ہے بلکہ بین الاقوامی تعلقات میں قانون شکنی اور طاقت کے زور کو معمول بنانے کی خطرناک علامت بھی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha