17 مئی 2010 - 19:30

گزشتہ دو ماہ میں دو خطرناک دہشت گردوں کو رہا کرکے کہا جا رہا ہے کہ کورٹ نے انہیں ریلیز کیا ہے جب مقدمہ ہی نہیں لڑا جائے گا تو کورٹ تو ریلیز کرے گی۔

گورنر پنجاب سلمان تاثیر نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بتائیں کہ وہ دہشت گردوں کے ساتھ ہیں یا خلاف ‘ لاہور کالج فار وومن یونیورسٹی میں تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک جانب پوری قوم دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے۔ دوسری جانب پنجاب حکومت کے وزراء کالعدم تنظیم کے ساتھ گھومتے پھر رہے ہیں۔

 انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کے کالعدم سپاہ صحابہ کیساتھ رابطے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کو دوغلی گیم چھوڑنا ہوگی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کو بتانا پڑے گا کہ ان کی پارٹی کی دہشت گردی کے حوالے سے کیا پالیسی ہے۔

گورنر پنجاب نے بتایا کہ انہوں نے وزیراعلیٰ کو لکھا ہے کہ ان کے وزیر قانون ‘ قانون کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے ساتھ دندناتے پھر رہے ہیں ۔ گورنر سلمان تاثیر نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ میں دو خطرناک دہشت گردوں کو رہا کرکے کہا جا رہا ہے کہ کورٹ نے انہیں ریلیز کیا ہے جب مقدمہ ہی نہیں لڑا جائے گا تو کورٹ تو ریلیز کرے گی

 رکن قومی اسمبلی رشید اکبر نوانی جن کا تعلق پی ایم ایل (ن) سے ہے انہوں نےبھی اس مسئلے پرشدید غم و غصے کا اظہار کیااور پنجاب کے وزیر قانون کی سرگرمیوں پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا، گورنر نے نشاندہی کی کہ وزیر کے دورے کے بعد کالعدم تنظیم کے جھنڈے جھنگ اور سرگودھا کے پورے علاقے میں لہرا رہے ہیں اور پولیس نے انہیں ہٹانے کی کوشش نہیں کی کیونکہ انہیں پنجاب حکومت کی بظاہر سرپرستی حاصل ہے ۔

152/