21 دسمبر 2025 - 19:50
محکمہ اینٹی کرپشن بعض معاملات میں تعصب کی بنیاد پر کارروائی کر رہا ہے، آغا راحت حسین الحسینی

گلگت میں سیوریج منصوبے کی تعریف مگر سڑکوں کی خستہ حالی پر تشویش، فوری بحالی اور معیاری کام کی ضرورت

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، امام جمعہ گلگت سید راحت حسین الحسینی نے کہا ہے کہ ہم محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے سرکاری افسران کے خلاف کرپشن کی تحقیقات اور کارروائیوں کو سراہتے ہیں، پوری ملت کرپشن کے خاتمے کے عمل کی بھرپور حمایت کرتی ہے تاہم اس کے برعکس صرف مخصوص افراد کو نشانہ بنانا اور یک طرفہ یا ٹارگٹڈ کارروائیاں کسی صورت قابل قبول نہیں ہیں، کیونکہ یہ مشاہدے میں آیا ہے کہ محکمہ اینٹی کرپشن بعض معاملات میں تعصب اور امتیاز کی بنیاد پر کارروائیاں کر رہا ہے۔ جبکہ ایسے بااثر افراد، موجودہ و سابق سیکریٹریز، سابق وزراء اور حتیٰ کہ سابق وزرائے اعلیٰ بھی موجود ہیں جن پر کرپشن کے سنگین کیسز درج ہیں مگر ان کے خلاف تاحال کوئی موثر کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی، اس طرزِ عمل سے یہ تاثر مضبوط ہو رہا ہے کہ احتساب کا عمل غیر متوازن اور جانبدارانہ ہے۔ نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سید راحت حسین الحسینی نے کہا کہ پر زور مطالبہ کیا جاتا ہے کہ کرپشن کے خلاف کارروائیاں بلاتفریق کی جائیں اور جس کسی پر بھی کرپشن کے الزامات اور کیسز موجود ہوں، خواہ وہ موجودہ یا سابق وزراء ہوں، اعلیٰ افسران ہوں یا دیگر با اثر شخصیات، سب کو قانون کے یکساں کٹہرے میں لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح وہ کیسز جو ماضی میں سیاسی اثر ورسوخ یا دباؤ کے تحت بند کر دیے گئے تھے انہیں بھی ازسر نو کھولا جائے اور ان معاملات کی شفاف، غیر جانبدارانہ اور مکمل تحقیقات کی جائیں تاکہ اصل ذمہ داروں کا تعین ہو سکے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے کیونکہ کسی ادارے کو متنازع بنانا یا احتساب کے عمل کو مشکوک بنانا کسی صورت نیک شگون نہیں، اس لیے ضروری ہے کہ محکمہ اینٹی کرپشن اپنے کردار کو غیر جانبداری، شفافیت اور انصاف کے اصولوں کے مطابق ادا کرے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو اور حقیقی معنوں میں کرپشن کے خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے۔

گلگت شہر میں اس وقت سیوریج منصوبے پر کام جاری ہے جو بلاشبہ علاقے کی بہتری، صفائی اور دیرپا ترقی کے لیے ایک نیک شگون اور قابل تحسین اقدام ہے۔ تاہم اس منصوبے کے دوران شہر کی بیشتر سڑکیں شدید کھدائی کے باعث اس وقت خستہ حالی اور کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں، جس کی وجہ سے عوام کو روزمرہ آمد و رفت میں سخت مشکلات، ٹریفک جام، گرد و غبار اور دیگر مسائل کا سامنا ہے۔

اس روٹ کی ابتر صورتحال کے باعث بزرگوں، بچوں، مریضوں اور طلبہ سمیت عام شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں، لہٰذا یہ نہایت ضروری ہے کہ جہاں جہاں سیوریج منصوبے کے تحت کھدائی کی گئی ہے وہاں کام میں تیزی لائی جائے۔ منصوبے کے معیار کو بہتر بنایا جائے اور کام کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ مزید برآں سیوریج لائن بچھانے کے بعد سڑکوں پر جو بیٹنگ اور بحالی کا کام کیا جا رہا ہے وہ تسلی بخش نہیں ہے۔ جس سے سڑکیں مزید خراب ہو رہی ہیں، اس لیے متعلقہ ٹھیکیداروں سے پرزور مطالبہ کیا جاتا ہے کہ وہ روڈ کی بحالی کا کام معیاری مواد کے ساتھ مضبوط بنیادوں پر کریں تاکہ سڑکیں دیرپا ہوں اور عوام کو بار بار مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، کیونکہ اس تاخیر اور ناقص کام کے باعث گرد و غبار بڑھ رہا ہے جو مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتا ہے، اس لیے گزارش ہے کہ سیوریج منصوبے کے ساتھ ساتھ سڑکوں کی مکمل، بروقت اور معیاری بحالی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو ریلیف ملے اور گلگت شہر میں ترقیاتی عمل خوش اسلوبی سے جاری رہ سکے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha