17 دسمبر 2025 - 15:42
اسلام آباد: جامعۃ المصطفیٰ کے تین روزہ کتب میلے کی اختتامی نشست، علامہ ساجد علی نقوی مہمان خصوصی

محققین اور اہل قلم کی علمی کاوشوں کو خراجِ تحسین، اعزازی شیلڈز تقسیم، بزرگ علمائے کرام کی شرکت

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ اسلام آباد پاکستان کے زیرِ اہتمام جامعۃ الکوثر میں تین روزہ کتب میلے کی اختتامی نشست کے عنوان سے ایک خصوصی علمی و فکری نشست منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کے بزرگ علمائے کرام نے شرکت کی۔

اس نشست میں علامہ سید ساجد علی نقوی بطورِ مہمان خصوصی مدعو تھے، جبکہ رُکن اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان و چیئرمین امام خمینی ٹرسٹ علامہ سید افتخار حسین نقوی النجفی نے خصوصی شرکت کی۔

جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ اسلام آباد کے زیرِ اہتمام جامعۃ الکوثر میں ایک خصوصی فکری و علمی پروگرام کا مقصد پاکستان میں موجود مختلف دینی مدارس اور حوزاتِ علمیہ سے فارغ التحصیل طلبہ اور محققین کی علمی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔

اس موقع پر رُکن اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان و چیئرمین امام خمینی ٹرسٹ علامہ سید افتخار حسین نقوی النجفی کے علمی و تحقیقی ادارہ ’’منتہائے نور مرکز تحقیقات اسلام آباد‘‘ کی جانب سے کتب کا اسٹال لگایا گیا جہاں مختلف علمائے کرام نے دورہ کیا اور ’’منتہائے نور مرکز تحقیقات‘‘ کی علمی کاوشوں کو سراہا۔

اس موقع پرعلامہ سید ساجد علی نقوی نے محققین کی علمی و تحقیقی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جامعۃ المصطفی العالمیہ اسلام آباد کی جانب سے یہ بہت اچھا قدم اٹھایا گیا ہے اور مستقبل میں بھی ایسے پروگرامز تشکیل دینا ملت جعفریہ کے لیے سود مند ثابت ہو گا۔

اس موقع پر آیت الله سید حافظ ریاض حسین نجفی، ایم ڈبلیو ایم کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سمیت دیگر جید علمائے کرام و طلاب نے شرکت کی۔

اختتامی تقریب میں جامعۃ المصطفی العالمیہ کی جانب سے تمام اہل قلم کو اعزازی شیلڈز سے نوازا گیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha