16 دسمبر 2025 - 15:43
کراچی میں عظیم الشان خاتونِ جنت کانفرنس: ولادتِ سیدہ فاطمہ زہراءؑ کی مناسبت سے مختلف مکاتب فکر کے علماء کا خطاب

پاک محرم ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام نشتر پارک میں کانفرنس، سیدہؑ کی سیرت کو خواتین اور نوجوانوں کے لیے عملی نمونہ قرار دیا گیا

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، پاک محرم ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام ولادتِ سیدہ فاطمہ زہراء سلامُ اللہِ علیہا کی مناسبت سے کراچی کے نشتر پارک میں عظیم الشان خاتونِ جنت کانفرنس منعقد کی گئی، جس میں شہرِ کراچی کے مختلف علاقوں سے عاشقانِ اہلِ بیتؑ، علماء، خطباء اور ذاکرین نے بھرپور شرکت کی۔

یہ کانفرنس حضرت سیدہ فاطمۃ الزہراء علیھا السلام کی سیرتِ طیبہ، فضائلِ عالیہ اور امتِ مسلمہ میں خواتین کے مثالی کردار کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کی گئی۔

کانفرنس سے جعفریہ الائنس پاکستان کے صدر علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی، حرم حضرت عباس علیہ السلام کے پیش امام شیخ صلاح الکربلائی، معروف اہل سنت عالم دین علامہ اصغر درس، مفتی فضل ہمدرد سمیت دیگر نے خطاب کیا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مکاتب فکر کے جید علماء، خطباء اور ذاکرین نے حضرت فاطمہؑ کی حیاتِ مبارکہ کو خواتین اور نوجوان نسل کے لیے ایک کامل اور عملی نمونہ قرار دیا اور عفت، حیا، صبر، علم اور معاشرتی ذمہ داریوں کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ سیدۂ کائناتؑ کی سیرتِ مبارکہ آج کے دور میں خاندانی استحکام، تربیتِ اولاد اور معاشرتی اصلاح کے لیے جامع اور مؤثر رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے امتِ مسلمہ کو درپیش موجودہ چیلنجز، بالخصوص خواتین کے فکری اور اخلاقی مسائل پر بھی تفصیلی گفتگو کی اور سیرتِ فاطمیؑ کی روشنی میں ان کے عملی حل پیش کئے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha