امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے جماعت اسلامی شعبہ خواتین کے زیر اہتمام خواتین کی گو امریکہ گو ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری سیاسی اور عسکری قیادت نے صوبہ سرحد اور قبائلی علاقوں میں فوجی آپریشن شروع کر نے کے بعد جو وعدے قوم سے کئے تھے آج ثابت ہو گیا کہ وہ وعدے اور اندازے غلط تھے ۔ وہ صرف امریکی دباؤ پر ایسی راہوں پر چلے جس کے نتیجے میں منزل گم ہو جاتی ہے 17 کروڑ عوام کو بے راہ کر نے اور دشمن کے مفادات کو پورا کر نے کے لئے ملک کی قیادت نے جو کچھ کیا وہ بہت بڑ ی چارج شیٹ ہے ۔ آرمی چیف بتائیں کہ 7 ماہ گزر نے کے باوجود ابھی تک دہشت گردوں پر قابو کیوں نہیں پایا گیا ۔ آج کہا جاتا ہے کہ یہ دھماکے اور خود کش حملے فوجی آپریشن کا رد عمل ہیں ۔ جبکہ ہم نے اس وقت کہا تھا کہ اسی آپریشن کا شدید رد عمل سامنے آئے گا۔ اس وقت یہ کیوں نہ سوچا اور اس کا اندازہ کیوں نہ لگایا گیا؟
انہوں نے کہا کہ 7 ماہ کے فوجی آپریشن کے نتیجے میں دہشت گردی 50 فیصد بڑ ھ گئی ہے ۔ جی ایچ کیو پر 20 سے 22 گھنٹے دہشت گردوں کا قبضہ خوشی کی بات نہیں ہے ان واقعات کی تحقیقات کیوں نہیں ہوتیں اور ذمہ دار قوتوں کا نام نہیں لیا جاتا ۔ صرف افراد کا نام لیا جاتا ہے ۔ اتنی بڑ ی کاروائی امریکی تعاون کے بغیر ممکن نہیں ۔ فوج بتائے کہ آپریشن کے بعد دہشت گردی پر کتنے فیصد قابو پایا جا سکا ہے مرض کی تشخیص اور علاج غلط ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بلیک واٹر کی موجودگی کے شواہد موجود ہیں۔ بھارت اور امریکہ کا نام لیتے ہوئے شرم کیو ں آتی ہے وزیرستان میں بھارت کے ملوث ہو نے کے ثبوت موجود ہیں جب فوج وہاں سے بھارتی اسلحہ بر آمد ہو نے کی بات کرتی ہے اور کہتی ہے کہ ہم نے حکومت کو بتا دیا تو حکومت کس مناسب وقت پر یہ ثبوت سامنے لانے کی بات کر تی ہے ۔ کیا یہ اعلان اس وقت کیا جائے گا جب ہزاروں لوگ مر جائیں گے اور لوگ نقل مکانیاں کر کے اپنے گھر بار کو چھوڑ دیں گے ۔ بھارت اور امریکہ سے خوفزدہ لوگ ہماری آزادی اور خود مختاری کی حفاظت نہیں کر سکتے چوروں، لٹیروں اور ملک کو فروخت کر نے والوں کو ہمارا حکمران بنا دیا گیا ہے جو غیروں کے مفادات کے لئے کام کر تے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گو امریکہ گو تحریک پوری ملت اسلامیہ کا ایجنڈا ہے عراق ، افغانستان ، فلسطین ہر جگہ پر آزادی کی جنگیں لڑ ی جا رہی ہیں ہم ہر شعبے میں امریکی مداخلت کی مخالفت کر تے ہیں اس مداخلت کا مقصد پاکستان سے اس کا اسلامی تشخص چھیننا ہے۔
انہوں نے کہا کہ الطاف حسین اور ایک پوری لابی قادیانیوں کو دوبارہ مسلمان ثابت کر نا چاہتے ہیں گور نر پنجاب توہین رسالت کو ختم کر نے کا شوشہ چھوڑ رہے ہیں ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے درمیان دبئی میں ہو نے والے مذا کرات صرف یہی تھے کہ قرار داد مقاصد کو آئین سے خارج کیا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں افراتفری پھیلانا صرف امریکہ کا ایجنڈا ہے جس کا مقصد پاکستان کے ایٹمی اثاثوں پر قبضہ کر نا اور ہمیں ایٹمی قوت سے محروم کر نا ہے لوگ عدم تحفظ کا شکار ہو چکے ہیں ۔ بھارت، اسرائیل بدی کے محور ہیں اور امریکہ ان کی سرپرستی کر رہا ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ در اصل عالم اسلام کے خلاف جنگ ہے روس کو شکست ہو چکی اور اس کے بعد امریکہ کے لئے سب سے بڑ ا خطرہ عالم اسلام ہے۔ ہماری فوج اپنے ہی لوگوں پر بندوقیں تان کر غیروں کی جنگ لڑ رہی ہے پاکستان اس وقت شدید بحران سے گزر رہا ہے سید منور حسن نے کہا کہ ہماری تحریک پر امن تحریک ہے اور آئین کے دائرے میں رہ کر ہم اپنا احتجاج کا حق استعمال کر رہے ہیں ۔
اصل قوت بندوق کی گولی میں نہیں بلکہ عوامی رائے کی قوت ہے بپھرے ہوئے لوگ جب واضح نقطہ نظر اور ایک ایجنڈے کو لے کر باہر نکل آئیں تو بندوقیں سرنگوں ہو جاتی ہیں اور ظلم و تشدد ہار جاتا ہے جہاد کو گالی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ قتال اور شہادت کو گالیاں دی جا رہی ہیں ۔ گو امریکہ گو تحریک پر امن اور آئندہ نسلوں کی آزادی اور خود مختاری کی تحریک ہے افغانستان روس کا قبرستان بنا اور پاکستان امریکہ کا قبرستان ثابت ہو گا۔
15 جون 2009 - 19:30
News ID: 172453
گو امریکہ گو تحریک پر امن اور آئندہ نسلوں کی آزادی اور خود مختاری کی تحریک ہے افغانستان روس کا قبرستان بنا اور پاکستان امریکہ کا قبرستان ثابت ہو گا۔