15 جون 2009 - 19:30

جنداللہ کے سربراہ کی پاکستان میں موجودگی کی کوئی اطلاع نہیں، ترجمان دفتر خارجہ

جند اللہ کے سربراہ نے پاکستان میں پناہ لے رکھی ہے،ایرانی سفیر کا الزام  پاکستان میں ایرانی سفیر ماشا اللہ شاکری نے الزام لگایا ہے کہ ایران میں کیے جانیوالے خودکش حملے میں جند اللہ کے ملوث ہونے کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ماشا اللہ شاکری کا کہناتھا کہ جند اللہ کے سربراہ عبدالمالک ریگی نے پاکستانی صوبے بلوچستان کے نامعلوم مقام پر پناہ لے رکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے سکیورٹی اداروں کو دہشت گردی کی کارروائیاں روکنے کے لیے جامع منصوبہ بندی کرنا ہوگی، ایرانی وزارت داخلہ کے حکام جلد پاکستان کا دورہ کریں۔ماشااللہ شاکری نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرحد پر سکیورٹی سخت کرنے کیلئے کئی بار پاکستانی حکام سے درخواست کی ہے، تاہم اس ضمن میں کوئی اجلاس نہیں ہوسکا ہے۔

دریں اثنا‏ء پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان عبدالباسط نے ایرانی سفیر ماشا ء اللہ شاکری کا شدت پسند تنظیم جنداللہ کے سربراہ کے پاکستان میں ہونے سے متعلق الزامات پر کہا ہے کہ ہمارے پاس جنداللہ کے سربراہ کی پاکستان میں موجود ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک دوسرے کے ساتھ مکمل تعاون کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیرستان میں جاری آپریشن سے یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ پاکستان کسی قسم کی دہشت گردی برداشت نہیں کرے گا اور نا ہی پاکستان میں دہشت گردوں کے لیے کوئی گنجائش ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور ایران کے دوستانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک نے ہمیشہ تعاون سے مسائل کا حل نکالا ہے۔پاکستان اور ایران کے درمیان دہشت گردی سے متعلق معلومات کے تبادلے کے لیے بھی میکینزم موجود ہے۔