سرینگر/ مزاحتمی قیادت کے مشترکہ پروگرام کی پیروی میں قصبہ بڈگام میں مین سڑک پر بطور احتجاج نماز عصر ادا کی گئی۔ احتجاجی نماز عصر میں سینکڑوں نمازیوں کے ساتھ ساتھ انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی اور کئی ائمہ جمعہ نے بھی شرکت کی۔ اس موقعہ پر بھارتی ظلم و استبداد سے نجات اور قوم کیلئے توفیقِ استقامت کی دعائیں مانگی گئی۔وادی کے اطراف و اکناف میں بھارتی فورسز کی روز افزوں بربریت، مکانوں کی توڑ پھوڑ، لوٹ مار اور بے تحاشہ گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے آغا صاحب نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو کچلنے کیلئے جبر و تشدد کے انتہائی انسانیت سوز حربے آزما رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ فورسز قتل و غارت کے ساتھ ساتھ توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کے جو سیاہ کارنامے انجام دے رہے ہیں وہ کشمیریوں کے عزم و استقلال کے سامنے بھارت کی بے بسی کی عکاسی کررہا ہے۔ آغا صاحب نے کشمیری قوم کے جذبہ استقامت کو خراج تحسین پیش کیا۔ گزشتہ دنوں آری پانتھن بڈگام ، بٹہ مالواور پلوامہ میں نہتے مظاہرین پر فورسز کی وحشیانہ فائرنگ کے نتیجے میں شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے آغا صاحب نے کشمیر کے قیامت خیز حالات پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی پر افسوس کا اظہارکیا۔ آغا صاحب گزشتہ 41 روز سے مسلسل نظر بند ہیں اور تنظیم کے سرگرم رکن غلام محمد ناگو بھی متواتر گزشتہ 8 دنوں سے خانہ نظر بند ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲