اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق بغداد میں داعش کے خلاف ایک عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم حیدر العبادی نے غیر ملکی فوجی مشیروں پر کیے جانے والے اعتراضات پر تعجب کا اظہار کیا۔ عراقی وزیراعظم نے کہا کہ غیر ملکی فوجی مشیر حکومت عراق کی دعوت پر عراقی فوج کی مدد کر رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ داعش کے خلاف جنگ میں کوئی بھی غیر ملکی فوجی شامل نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراقی فوج اور سیکورٹی اداروں کو فوجی تربیت کی ضرورت ہے۔ انہوں ایک بار پھر کہا کہ موصل شہر کو داعش کے قبضے سے جلد آزاد کرا لیا جائے گا۔
عراقی وزیراعظم نے ان قوتوں کو خبردار کیا جو موصل کی آزادی کے آپریشن میں رکاوٹین ڈالنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں موصل کی آزادی کے آپریشن میں فضائی مدد و حمایت کی ضرورت ہے اور ہماری مدد کرنے والی حکومتیں دراصل خود اپنی مدد کر رہی ہیں۔
اس سے قبل عراق کے وزیر خارجہ نے بھی ایران کی فوجی مشاورت کے بارے میں سعودی حکومت کے منفی پروپیگنڈے کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ عراق میں ایران کی زمینی فوج موجود نہیں ہے اس بارے میں کیے جانے والے دعوے سفید جھوٹ ہیں۔
.......
/169