اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق صدر آزادکشمیر سردار یعقوب خان نے کہا ہے کہ تاجر برادری کسی بھی معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت ر کھتی ہے۔ بیروزگاری پر قابو نجی شعبے اور تاجروں کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔ آزاد خطے میں تجارت بڑھے گی تو روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ سرکاری شعبے میں ملازمتیں ختم ہوتی جا رہی ہیں۔ تمام پڑھے لکھے نوجوانوں کو نوکری دینا ممکن نہیں رہا۔ اس لئے آزاد کشمیر کے تاجروں کو کاروبار میں وسعت پیدا کرنے کیلئے بلاسود یا آسان شرائط پر قرضے دیے جائیں۔ پاکستان کے درجنوں بینک آزاد کشمیر میں کاروبار کر رہے ہیں۔ یہاں کے لوگوں کے اربوں روپے جمع ہیں فائدہ بینک اٹھا رہے ہیں لیکن ان بینکوں کا آزادکشمیر کے سماجی شعبے کی بہتری کیلئے کوئی کردار نہیں، امید ہے نئی حکومت اس جانب ضرور توجہ دے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں انجمن تاجران مظفرآباد کے رہنما سردار عبدالر زاق خان کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیے گئے عشائیہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ چین جنگی حکمت عملی سے نہیں بلکہ تجارت کے ذریعے دنیا کی نمبر ایک اقتصادی سپرپاور بن چکا ہے۔ اب وہی سیاست دان کامیاب ہو گا جو تجارت کے اسرار و رموز سمجھے گا اور تاجر برادری کو ساتھ لے کر چلے گا۔
.......
/169