25 جولائی 2016 - 15:03
تھران میں ناصرخان جنجوعہ کی علی شمخانی سے ملاقات

اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری نے کہا ہے کہ علاقے میں دہشت گردی کو پروان چڑھانےوالے اقدامات کا مقابلہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے پیر کو تہران میں پاکستان کی قومی سلامتی کے امورکے مشیر ناصرخان جنجوعہ سے ملاقات میں کہا کہ دہشت گرد گروہ داعش کو پروان چڑھانے والے افکار اوراقدامات کا مقابلہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کی بنیادی اور پہلی ترجیح ہونی چاہئے-

انہوں نے کہا کہ اس کے بغیرعلاقے اور یورپ میں کوئی بھی ملک محفوظ نہیں رہ سکےگا - علی شمخانی نے کہا کہ ایران اس بات کی اجازت نہیں دے گا کہ بعض ممالک ایران اور پاکستان کے سرحدی علاقوں میں ہتھیاراوردہشت گرد بھیج کر دونوں ملکوں کے تعلقات کو متاثرکریں -

انہوں نے خلیج فارس اور بحیرہ عمان میں ایران اور پاکستان کی بندرگاہوں کی غیر معمولی جغرافیائی پوزیشنوں کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ یہ بندرگاہیں ایک دوسرے کے ملک کی ضروریات کو مکمل طور پر پوری کرسکتی ہیں اور دونوں ملکوں کے لئے بے شمار اقتصادی فوائد کی حامل ہیں - پاکستان کی قومی سلامتی کے امور کے مشیر ناصرخان جنجوعہ نے بھی اس ملاقات میں امت مسلمہ کے درمیان اختلافات کو ہوا دینے کے تعلق سے بیرونی سازشوں کے مقابلے میں اسلامی ملکوں کی ہوشیاری کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے سیکیورٹی اور اقتصادی تعاون کو فروغ دے گا -

ان کا کہنا تھا کہ ایران پرعائد پابندیوں کے خاتمے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات میں فروغ کے مواقع بڑھ گئے ہیں اور ان سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے -

۔۔۔۔۔

/169