اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق قائم مقام امیرجماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے فیصل آباد میں افطار اور گلبرگ لاہور میں عشائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب کے شہروں مدینہ منورہ، جدہ، قطیف میں دھماکوں اور دہشتگردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ لرزہ خیز اور بڑا المیہ ہے۔ پاکستان کے عوام سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں اور بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ پاکستان، ترکی، بنگلہ دیش، عراق اور شام میں مرحلہ وار دھماکوں، خود کش حملوں کی سیریز کا بظاہر ایک ہی ماسٹر مائنڈ قوت ہے۔ بظاہر ان ممالک میں مقامی اختلافات ہیں لیکن اسے استعمال کرنے کی پشت پر گہری سازش ہے۔ عالم اسلام کو اتحاد کی طاقت، اپنی ترجیحات پر اکٹھا ہوناہی بحران سے نجات دلاسکتی ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے حکومت کی آئینی ذمہ داری پوری نہ کرنے اور مردم شماری نہ کرانے پر از خود نوٹس لے لیا ہے۔ ہم خیر مقدم کرتے ہیں۔ حکومتیں آئینی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام ہیں۔ امید ہے مردم شماری کے لیے ٹائم ٹیبل کے ساتھ روڈ میپ بن جائے گا۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ملک و ملت کے اہم ترین مسئلہ کرپشن، پانامہ لیکس، دبئی پراپرٹی لیکس، قرضے معاف ہونے اور کرپشن کے میگا سکینڈلز پر کوئی کاروائی نہ ہونے کا بھی ازخود نوٹس لیں۔ حکومت اور اپوزیشن میں ٹی او آرز پر اختلافات ڈیڈلاک کا شکار ہے۔ اب عوامی اور قومی مسئلہ متقاضی ہے کہ چیف جسٹس عدالتی کمیشن بنانے اور ٹی او آرز کی تشکیل کے لیے ازخود اقدام کریں۔
.......
/169