اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ روسی فوج کے سربراہ جنرل والری گراسی موف نے امریکہ کی جانب سے ان گروہوں کی فہرست روس کے سپرد کرنے میں پس و پیش سے کام لینے کی مذمت کی جنہیں امریکہ دہشت گرد سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے اس اقدام سے ان گرہوں کو مزید دہشت گرد بھرتی کرنے اور روس کے فضائی حملوں سے بچ نکلنے کا موقع ملے گا۔
اس رپورٹ کے مطابق، روسی فوج کے سربراہ کا یہ بیان اس بات کی نشاندھی کرتا ہے کہ امریکہ کی جانب سے دہشت گرد گروہوں کی حمایت کی جارہی ہے۔ کیونکہ امریکہ نے اب تک شام میں سرگرم ایک بھی ایسے گروپ کا نام روس کو پیش نہیں کیا ہے جسے واشنگٹن دہشت گرد تصور کرتا ہے۔ مبصرین کے مطابق اس صورت میں امریکہ شام میں سرگرم دہشت گرد گروہوں کو روسی بمباری سے محفوظ رکھنے کے لیے تاخیری حربے استعمال کررہا ہے۔
روسی فوج کے سربراہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے گزشتہ ہفتے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ شام میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کے حوالے سے واشنگٹن کے صبر کا پیمانہ لبریز ہونے والا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ شام میں روس اور امریکہ کے تعاون سے لاگو ہونے والی جنگ بندی میں جبہت النصرۃ ، داعش اور ایسے تمام گروہ شامل نہیں ہیں جنہیں اقوام متحدہ دہشت گرد قرار دیتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲