17 مئی 2016 - 10:57
ایران کے ریڈیو اور ٹی وی کے سابق سربراہ کی الوداعی تقریب

ایران کے ریڈیو اور ٹی وی کے سابق اور نئے سربراہ کی استقبالیہ اور الوداعی تقریب کا منگل کو انعقاد ہوا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے ریڈیو اور ٹیلیویژن کے نئے سربراہ عبدالعلی علی عسکری نے اسلامی انقلاب کی ہاؤسنگ فاؤنڈیشن میں ولی فقیہ کے نمائندے حجۃ السلام سید ہاشم رسولی محلاتی سے اپنا حکم نامہ حاصل کرنے کے بعد اپنی مختصر تقریر میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ریڈیو اور ٹی وی کے ادارے کو نظام کے لئے بہت زیادہ اہمیت کا حامل قرار دیا اور کہا کہ مواصلات و ذرائ‏ع ابلاغ کی عالمی رقابت میں طاقتور ذرائع‏ ابلاغ ہی کامیاب ہیں۔ علی عسکری نے ایران کے ریڈیو اور ٹیلیویژن کے سابق سربراہ محمد سرافراز کی زحمات و خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم، نوجوانوں اور ایرانی گھرانوں کے خلاف مغربی ذرائع ابلاغ کا پروپیگنڈہ ایران کی عظیم و مجاہد قوم سے ایک طرح سے انتقام لینے کے مترادف ہے اور اس پروپیگنڈے کو ناکام بنانا ایران کے ریڈیو ٹی وی کی بھاری ذمہ داری ہے۔ اس تقریب سے اپنے خطاب میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ریڈیو اور ٹیلیویژن کے سابق سربراہ محمد سرافراز نے بھی ادارہ آئی آر آئی بی میں عمل میں لائے جانے والے اقدامات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ریڈیو و ٹی وی میں نئے وسائل تک دسترسی کے ساتھ مختلف موثر امور منجملہ معاشی استقامت کی راہ میں قدم اٹھائے جانے کی ضرورت ہے۔ اس تقریب سے ایران کے ریڈیو ٹی وی کی غیر ملکی نشریات کے سربراہ محمد اخگری نے بھی ایران کے خلاف عرب و مغربی ملکوں کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی ایکسٹرنل سروس کے چینلوں کی کامیابی کی بناء پر ہی ان ملکوں کی جانب سے ایران کے خلاف زہریلا پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے ایران کے ریڈیو اور ٹیلیویژن کے سابق سربراہ محمد سرافراز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی نشریات کا ادارہ ایران کے اسلامی انقلاب کا ترجمان ادارہ ہے جسے دنیا میں روز افزوں مقبولیت حاصل ہو رہی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی آیۃ اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے بدھ گیارہ مئی کو محمد سرافراز کا استعفی قبول اور ان کی انقلابی کوششوں کی قدردانی کرتے ہوئے اپنے ایک حکم کے تحت اسلامی جمہوریہ ایران کے ریڈیو اور ٹیلیویژن کے نئے سربراہ کی حیثیت سے عبدالعلی علی عسکری کا تقرر فرمایا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲