اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے جمعرات کو آذربائیجان کے صدر الہام علی اف کے ساتھ ملاقات میں امید ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کی کوششوں سے ہم دوطرفہ ، علاقائی اور بین الاقوامی تعاون میں مزید توسیع کا مشاہدہ کریں گے-
آذربائیجان کے صدر نے بھی اس ملاقات میں تمام شعبوں میں ایران اور آذربائیجان کے دوستانہ اور قریبی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے معاہدوں اور دستاویزات پر عملدر آمد پر تاکید کی-
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے افغانستان کی قومی اتحاد حکومت کے چیف ایگزکٹیو عبدا للہ عبداللہ کے ساتھ ملاقات میں بھی دونوں ملکوں کی قوموں کی مشترکہ ثقافت اور باہمی قربت کو ایران کے لئے اہمیت کا حامل قرار دیا اور کہا کہ افغانستان کی قوم نے گذشتہ برسوں میں بہت زیادہ سختیاں برداشت کی ہیں لیکن ہمیشہ اپنے ملک کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لئے استقامت کا مظاہرہ کیا ہے- افغانستان کے چیف ایگزگٹیو نے بھی اس ملاقات میں اس امید کا اظہار کیا کہ ایران اور افغانستان کے مشترکہ کمیشن کے فعال ہونے کے ساتھ ہی دونوں ملکوں کے تعاون کے عمل میں مزید تیزی آئے گی-
صدرمملکت حسن روحانی نے اسی طرح الجزائر کے چیئرمین سینٹ عبدالقادر بن صالح کے ساتھ ملاقات میں بھی کہا کہ آج دونوں ملک، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل میں قریبی اور مشترکہ نظریات رکھتے ہیں اور تہران اور الجزیرہ کے تعلقات فروغ پا رہے ہیں
الجزائر کے سینٹ کے چیئرمین نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ بہت سے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل میں ایران اور الجزائر کے مواقف ایک دوسرے سے قریب ہیں-
ڈاکٹر حسن روحانی نے اسی طرح عمان کے پارلیمنٹ اسپیکر یحیی بن محفوظ المنذر کے ساتھ بھی ملاقات میں دونوں ملکوں کے تعلقات کو گہرا اور دوستانہ قرار دیا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ ایک سچے دوست اور پڑوسی ملک کی حیثیت سے عمان کے ساتھ رہا ہے اور دونوں ملکوں کے تعلقات کے فروغ میں کوئی چیز رکاوٹ نہیں ہے-
عمان کے پارلیمنٹ اسپیکر نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ مسقط کے حکام تمام شعبوں میں تہران کے ساتھ تعلقات کو گہرا بنانے میں دلچسپی رکھتے ہیں-
حسن روحانی نے استنبول اجلاس کے موقع پر انڈونیشیا کے نائب صدر محمد یوسف کلا کے ساتھ بھی ملاقات میں کہا کہ ایران اور انڈونیشیا کے حکام کے ساتھ تبادلۂ خیال اور بات چیت سے دونوں ملکوں کے تعلقات کو فروغ حاصل ہوگا-
انڈونیشیا کے نائب صدر نے بھی اس ملاقات میں ، گروپ پانچ جمع ایک کے ساتھ مذاکرات میں ایران کی کامیابی اور پابندیوں کے خاتمے پر حسن روحانی کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ایران کی کامیابی نے ایسے حالات فراہم کردیئے ہیں کہ دونوں ملکوں کے درمیان ہمہ جانبہ تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جاسکتا اور ایران کی عظیم گنجائشوں سے استفادہ کیا جا سکتا ہے-
واضح رہے کہ ترکی کے شہر استنبول میں جمعرات سے شروع ہونے والے او آئی سی کے دو روزہ سربراہی اجلاس کا سلوگن" انصاف اور آشتی کے لئے اتحاد ویکجہتی" ہے۔ انتہا پسندی اور دہشت گردی سمیت اسلامی دنیا کو لاحق بنیادی مسائل استنبول اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔ اس اجلاس میں دنیا کے تیس سے زائد اسلامی ملکوں کے سربراہان مملکت شریک ہیں- یہ اجلاس جمعے تک جاری رہے گا-
۔۔۔۔۔۔۔
/169