5 مارچ 2016 - 17:41
ترک وزیر اعظم کا ایران کے ساتھ اقتصادی تعلقات بڑھانے پر زور

ترک وزیراعظم نے ایران کے ساتھ اقتصادی تعلقات کے فروغ اور علاقائی معاملات میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ تہران میں ایران کے نائب صدر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترک وزیراعظم داؤد اوغلو نے ایران کے حالیہ پارلیمانی انتخابات کے نتائج اور ایٹمی معاہدے پر علمدرآمد پر خوشی کا اظہار کیا ۔

انہوں نے ایران کے ساتھ سیاحت سمیت تمام اقتصادی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور ترکی کے درمیان تعاون، خطے میں کشیدگی کے خاتمے میں مدد گار ثابت ہوگا۔ ترک وزیراعظم نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ بعض معاملات پر انقرہ اورتہران کے نظریات میں فرق پایا جاتا ہو لیکن دونوں ممالک باہمی تعاون کے ذریعے خطے میں اغیار کی آمد کا راستہ روک سکتے ہیں۔

وزیراعظم احمد داؤد اوغلو نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ایران، ترکی کا تعاون خطے کے امن و استحکام کی ضمانت بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایٹمی معاہدے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے نئے راستے کھلے ہیں اور میں اس کامیابی پر ایران کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ جب ایران پر سخت وقت تھا اس وقت بھی ہم ایران کے ساتھ کھڑے تھے اور ہم نے مسائل کے حل کی کوشش کی اور ہم نے ایران کے ساتھ اپنی دوستی کو ثابت کردیا کیونکہ مشکل گھڑ ی میں دوستوں کو پہچانا جاسکتا ہے۔

ترک وزیر اعظم نے کہا کہ انقرہ اور تہران کے درمیان تیس ارب ڈالر کی تجارت میں حا‏ئل رکاوٹیں دور ہوگئی ہیں اور پابندیوں کے خاتمے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کا راستہ مزید ہموار ہوگیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲