24 اکتوبر 2015 - 16:00
پاکستان میں نہتّے عزاداروں کا خون نواز حکومت کو لے ڈوبے گا، گلزار احمد جعفری

اپنے ایک مذمتی بیان میں ایم ڈبلیو ایم قم کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ہماری بدقسمتی یہ ہے کہ ہمارے سرکاری ادارے اپنے مذموم مقاصد کو حاصل کرنے کیلئے دہشتگردوں کو استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ساری دہشتگردانہ کارروائیاں حکومتی ایما پر کی گئی ہیں اور ہم اس خونِ ناحق کیخلاف دنیا کے ہر گوشے سے آواز بلند کریں گے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ قم کے سیکرٹری جنرل حجۃ الاسلام گلزار احمد جعفری نے کہا ہے کہ ہم دہشت گردوں کے ساتھ سرکاری اداروں کی ملی بھگت کو اچھی طرح سمجھتے ہیں، حکومت نے پاکستان میں عزاداری کو محدود کرنے کے لئے دہشت گردوں کو بطورِ آلہ کار استعمال کیا ہے۔ تمام مسلمان عزاداری امام حسینؑ کو عبادت سمجھتے ہیں، خودکش دھماکے کرنے والے سرکاری ایجنسیوں کے ایجنٹ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم قم کے سیکرٹری جنرل نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں پے در پے عزاداروں پر ہونے والے خودکش حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت پاکستان کو اس کا ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ پاکستان میں نہتّے عزاداروں کا خون نواز حکومت کو لے ڈوبے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہماری بدقسمتی یہ ہے کہ ہمارے سرکاری ادارے اپنے مذموم مقاصد کو حاصل کرنے کے لئے دہشت گردوں کو استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ساری دہشت گردانہ کارروائیاں حکومتی ایما پر کی گئی ہیں اور ہم اس خونِ ناحق کے خلاف دنیا کے ہر گوشے سے آواز بلند کریں گے۔

.......

/169