اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سکریٹری جنرل نے ہندوستان میں اپنے دورے کے دوران جمعیت علمائے اھل سنت ھند کے سربراہ سے ملاقات کے دوران امت مسلمہ کے درمیان اتحاد کے قیام کو عمل میں لانے کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کے تمام مسائل کا حل اتحاد میں پوشیدہ ہے۔
آیت اللہ اختری نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ اس وقت تمام عالمی طاقتیں مسلمانوں کے درمیان انتشار پیدا کرنے کے لیے روز و شب ایک کئے ہوئے ہیں کہا کہ ایسے حالات میں امت مسلمہ خاص طور پر ملت کے ذمہ دار افراد اور علماء کو بہت ہی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سکریٹری جنرل نے صدر جمعیۃ علماء ھند مولانا سید ارشد مدنی سے جمعیت کے دفتر میں ملاقات کے دوران عالم اسلام کے حالات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیعہ سنی اتحاد کا این بارز نمونہ ایران کے دو صوبے زاھدان اور بلوچستان ہیں کہ جن میں اہل سنت مکمل آزادی کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں اور اپنے دینی اور مذھبی امور کو انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے مولانا مدنی کو ایران کے سنی نشین علاقوں اور حوزہ علمیہ قم المقدس میں آنے کی دعوت دی۔
آیت اللہ اختری کے جمعیت کے دفتر پہنچنے پر صدر جمعیۃ نے پرتباک استقبال کیا اور بیحد اہم علمی موضوعات پر گفتگو کی۔
مولانا مدنی نے فارسی زبان کی اہمیت اور افادیت پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ فارسی زبان ہمارے مذہبی سرمایہ کے اعتبار سے ایک اہم زبان ہے اور ہمارا کافی مذہبی سرمایہ فارسی زبان میں موجود ہے۔
انہوں نے خود اپنے دوران تحصیل پانچ سال فارسی زبان کی تعلیم حاصل کرنے کی طرف اشارہ کیا اور اس ملاقات میں فارسی زبان کے چند اشعار پڑھے۔
اس ملاقات میں نائب سفیر ایران آقائی شجاعی، اہل بیت اسمبلی ھندوستان کے سکریٹری جنرل مولانا محمد رضا غروی اور محمد جھانتاب بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سکریٹری جنرل آیت اللہ اختری حالیہ دنوں ہندوستان کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے دہلی اور بمبئی میں کئی علمی اور مذہبی شخصیات سے ملاقات کی ہے۔





۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲