اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے ادارہ حج و زیارات کے سربراہ سعید اوحدی نے سنیچر کی رات اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ جدہ اور مکہ کے دو سردخانوں (کولڈ اسٹوریجوں) میں تلاش کا کام جاری ہے کہا کہ سعودی حکام نے سنیچر کو دو مزید حاجیوں کے جنازے ہمارے حوالے کئے ہیں- سعید اوحدی نے کہا کہ سعودی حکام نے سنیچر کو ایک کولڈ اسٹوریج سے ملنے والے کچھ شہداء کے سامان اور تصویریں ہمیں دی ہیں جن کا جائزہ لیا جا رہا ہے- انھوں نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ جمعے کو سعودیوں نے ضروری تعاون نہیں کیا کہا کہ اسی بنا پر جن شہداء کے جنازے جمعے کو ایران پہنچنے والے تھے، نہیں پہنچ سکے اور ان جنازوں کے پہنچنے کے صحیح وقت کا اعلان اتوار کو کیا جائے گا- درایں اثنا ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا ہے کہ لبنان میں ایران کے سابق سفیر غضنفر رکن آبادی کے بارے میں اب تک کوئی نئی اطلاع نہیں ملی ہے- انھوں نے کہا کہ غضنفررکن آبادی اب بھی سانحہ منٰی میں لاپتہ افراد کی فہرست میں ہیں- واضح رہے کہ منٰی میں رمی جمرات کے موقع پر ازدحام اور سعودی حکام اور اہلکاروں کے غیر ذمہ دارانہ رویے کے باعث چارسو پینسٹھ ایرانی حاجیوں سمیت ہزاروں حاجی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے-
.......
/169