اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران کے شمال مغربی شہر تبریز میں اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے پانچ تازہ ڈیجیٹل مصنوعات کی رونمائی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسمبلی کے سکریٹری جنرل نے سانحہ منیٰ میں جانبحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو تسلیت پیش کی جبکہ عید غدیر کی مناسبت سے عالم اسلام کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا: خداوند عالم نے واقعہ غدیر کے ذریعے دین کو مکمل کیا اور اپنی نعمت کو تمام کیا لہذا اس واقعہ کی سب سے زیادہ نشر و اشاعت ہونا چاہیے۔
آیت اللہ اختری نے ولایتِ امیر المومنین کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام ائمہ اطہار کی ولایت کے ساتھ مکمل ہوتا ہے اور قرآن کریم کے واضح بیان کی بنیاد پر ولایت کے بغیر دین ناقص ہے۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سکریٹری جنرل نے امام علی علیہ السلام کی ولایت و امامت کی پیروری کو اسلام کا بنیادی رکن قرار دیتے ہوئے کہا: عید غدیر پوری دنیا میں مسلمانوں کی سب سے بڑی عید کے عنوان سے پہچنوائی جانا چاہیے۔
انہوں نے اپنی گفتگو کے دوسرے حصے میں سانحہ منیٰ کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ اس دردناک واقعہ میں پانچ ہزار مسلمانوں سے زیادہ کا جانبحق ہونا ایک بڑا المیہ ہے۔
انہوں نے اس سلسلے میں رہبر انقلاب اسلام کے خطاب کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی کے خطاب نے دیگر مسلمانوں کے درمیان بھی حرکت وجود میں لائی ہے اور اس وقت دنیا کے تمام مسلمانوں کے درمیان آل سعود کے خلاف ایک لہر پیدا ہو گئی ہے۔
آیت اللہ اختری نے کہا: آل سعود مسلمانوں کے قتل کے ذمہ دار ہیں لہذا ان کا نام بھی اسرائیل اور امریکہ کے ناموں کے ساتھ ظالم و جابر حکمرانوں کے عنوان سے تاریخ میں لکھا جانا چاہیے۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سکریٹری جنرل نے تبلیغ اسلام کی راہ میں اسمبلی کی خدمات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی دنیا کے ۱۳۰ ممالک میں رہنے والے شیعوں کے ساتھ تعاون کر رہی ہے اس وقت ۳۵۰ ملین شیعہ پوری دنیا سے اسمبلی کے ساتھ مرتبط ہیں۔
انہوں نے اسمبلی کے اہم کارناموں کو گنواتے ہوئے کہا کہ اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ابنا سائبری فضا میں اسمبلی کی طرف سے پیش کی جانے والی خدمات کا اہم ترین حصہ ہے جو عالم اسلام مخصوصا تشیع کی اخبار کو دنیا میں منعکس کرتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲