30 ستمبر 2015 - 17:57
علامہ سید ساجد علی نقوی: شہداء کی عظیم قربانی کبھی رائیگاں نہیں جاسکتی

جاری بیان میں سربراہ اسلامی تحریک کا کہنا تھا کہ اتحاد و وحدت کی ترویج اور اتحاد بین المسلمین کے عملی نفاذ کے ذریعے ملک کی سالمیت اور دفاع کی عملی جدوجہد کو جاری رکھا اور تمام تر مشکلات و مصائب کے باوجود اس جدوجہد کو ترک نہیں کیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عملی یکجہتی کونسل پاکستان کے مرکزی سینیئر نائب صدر و شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے شہدائے ڈیرہ اسماعیل خان کی 27 ویں برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان میں اب تک سینکڑوں معصوم اور بے گناہ انسانوں نے جان کے نذرانے پیش کیے اور اب تک یہ سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے مگر ہم نے ہمیشہ ملک میں اتحاد و وحدت کی ترویج اور اتحاد بین المسلمین کے عملی نفاذ کے ذریعے ملک کی سالمیت اور دفاع کی عملی جدوجہد کو جاری رکھا اور تمام تر مشکلات و مصائب کے باوجود اس جدوجہد کو ترک نہیں کیا اور اعلٰی و ارفع اہداف کی خاطر وجود میں آنے والا یہ کارواں رواں دواں ہے تاکہ ملک دشمن عناصر، قاتل و دہشت گرد اور ٹارگٹ کلرز اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہو پائیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان کی سرزمین سے اپنے آئینی شہری حقوق کا تحفظ کرتے ہوئے جن شہداء نے اپنی جانوں کی عظیم قربانی پیش کی وہ کبھی رائیگاں نہیں جاسکتی، انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اس وقت ملک جن گھمبیر اور نازک حالات سے دوچار ہے اور اس کے عوام اذیت ناک صورت حال کا شکار ہیں اس کے خاتمے کا تقاضا ہے کہ سانحات کے پس پردہ حقائق سے پاکستانی عوام کو باخبر اور آگاہ کر کے صورت حال کی سنگینی کا ادراک کرتے ہوئے ملک سے بدامنی، انتشار، دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کا خاتمہ کیا جائے کیونکہ یہ خطرناک صورت حال لمحہ بہ لمحہ ملک کو تباہی و بربادی کی جانب دھکیل رہی ہے۔

.......

/169