اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے دینی اسکالر مولانا سید قلبی حسین رضوی کشمیری کل شام مکہ مکرمہ میں سکتہ قلبی (ہارٹ اٹیک) کی وجہ سے دارفانی کو وداع اور داعی اجل کو لبیک کہہ گئے، آپ کشمیر کے معروف سماجی کارکن اور دینی سرگرمیوں میں فعال آدمی تھے، انقلاب اسلامی ایران اور تحریک امام خمینی (رہ) کے ساتھ والہانہ جذبات اور وابستگی کی بناء پر سید قلبی حسین رضوی کو جمہوری اسلامی ایران کی جانب سے سازمان تبلیغات اسلامی میں کام کرنے کی دعوت موصول ہوئی، آپ نے 1982ء میں تمام آرام و آسائش کو خیرباد کہہ کر سرزمین ایران پر قدم رکھا، 34 سال سے آپ انقلاب اسلامی ایران سے جڑے رہے، ایران میں آپ مترجم کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے تھے، آپ اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کی جنرل کونسل کے رکن تھے اور اسمبلی کی بہتر ساری کتابوں کا ترجمہ آپ نے کیا۔
علامہ عسکری کی 140 جعلی اصحاب کے نام کی کتاب جس کی 4 جلدیں ہیں اور ہر جلد 600 صفحات پر مشتمل ہے آپ ہی کو اس کتاب کا اردو ترجمہ کرنے کا شرف حاصل ہوا تھا، اس کے علاوہ سید قلبی حسین رضوی امام خمینی (رہ) اور اس کے بعد رہبر معظم سید علی خامنہ ای کے سالانہ حج پیغام کا اردو ترجمہ بھی کرتے آئے ہیں، ایرانی ثقافت و تہذیب کو کشمیر میں ترویج دینے میں آپ کا رول اہم رہا، سید قلبی حسین رضوی بعثہ رہبری( ایران حج کمیٹی) کے ممبر بھی تھے، جس سال مکہ کی سرزمین پر حج خونین پیش آیا، اس سانحہ کے آپ چشم دید گواہ رہے ہیں، اس سانحہ کے تین سال بعد سے اب تک آپ حکومت ایران کی طرف سے لگاتار حج پر جاتے تھے اور برصغیر کے حجاج کرام کی راہنمائی فرماتے تھے یہاں تک کہ اب آپ کا آخری حج ثابت ہوا اور اسی مشن پر ہی آپ خالق حقیقی سے جا ملے۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی اور اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی اس پرملال موقع پر مرحوم مغفور کے لئے دعائے مغفرت کے ساتھ ساتھ کشمیر کے شیعہ عوام مخصوصا ان کے اہل خانہ کو تعزیت پیش کرتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲