اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کی اعلی کونسل کے رکن اور رہبر معظم انقلاب کے مشیر نے مسلمان ڈاکٹروں کی بین الاقوامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک جو اسلامی جمہوریہ ایران کی نسبت منفی سوچ رکھتے ہیں اس کی اصلی وجہ یہ ہے ایران ایک اسلامی ملک ہونے کے باوجود اپنے پیروں پر کھڑا ہے۔
ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ ایران یقینا اپنے پیروں پر کھڑا ہے اور اپنے امور میں خود تصمیم لیتا ہے اور بیرونی مداخلت کی کسی کو اجازت نہیں دیتا۔ یہ اسلامی جمہوریہ ایران ہے جس نے چند روز قبل دنیا کے سپر پاور چھے ممالک سے مذاکرات میں اپنے حقوق کو منوایا اور انہیں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔
انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کی علمی میدان میں ترقی اور پیشرفت کے چند نمونہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب سے پہلے ایران میں اسکالروں کی تعداد دولاکھ تھی جبکہ آج پچاس لاکھ ہے انقلاب سے پہلے دنیا کے علمی رسالوں میں ایران کے صرف دو ہزار مقالے چھپے تھے جبکہ آج ان کی تعداد تین لاکھ تک پہنچ چکی ہے اور گزشتہ دو سالوں میں ۳۷ ہزار مقالوں نے ایشیا کے اندر پہلا درجہ حاصل کیا ہے۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کی اعلی کونسل کے رکن نے اسلامی انقلاب کی برکتوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آج ایران میں صرف طبی میدان میں ۵۰ تعلیمی مراکز موجود ہیں اور اس میدان میں علاقے کا کوئی ملک ایران کے ساتھ مقابلہ نہیں کر سکتا۔
ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا: آج ایران اپنے ملک کے تحفظ کے علاوہ شام، عراق، یمن، لبنان اور فلسطین کو بھی تحفظ فراہم کرنے میں مدد کر رہا ہے اور اجازت نہیں دیتا کہ امریکہ ہمارے امور میں مداخلت کرے ہم نے اقوام متحدہ سے بھی کہا کہ اگر ایران عراق کی مدد نہ کرتا تو داعش بغداد تک پہنچ چکا ہوتا۔
واضح رہے کہ مسلمان ڈاکٹروں کی آٹھویں بین الاقوامی کانفرنس اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کی جانب سے ایران کے مختلف شہروں میں منعقد کی جا رہی ہے اس کانفرنس میں ۳۰۰ سے زائد شیعہ اور سنی ڈاکٹروں نے شرکت کی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲