اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اتوار کے روز مغربی ایران کے صوبے کردستان کے صدر مقام سنندج میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج عالمی دباؤ اور دھمکیوں کے مقابلے میں ایرانی قوم کی کامیابی کا دن ہے- صدر مملکت نے کہا کہ ایرانی قوم نے بارہ سال تک عقل و منطق اور استقامت کے ساتھ مذاکرات کئے اور اقوام عالم پر اپنی عظمت اور برتری کو ثابت کر دیا- صدر مملکت نے کہا کہ ایرانی قوم، دنیا کی چھے بڑی طاقتوں کے مقابلے میں کامیابی سے ہمکنار ہوئی اور ان طاقتوں کو اپنے سامنے جھکنے پر مجبور کر دیا- اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ پرامن ایٹمی توانائی سے زیادہ اہمیت کی حامل، ایرانی قوم کی قوت و توانائی ہے اور یہی قوت و توانائی اس بات کا باعث بنی کہ آج دنیا کی سب سے بڑی طاقت امریکہ کو یہ اعتراف کرنا پڑا کہ ایران گھٹنے نہیں ٹیکے گا- ڈاکٹر روحانی نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ کا اس ملک کی سینیٹ میں صراحت کے ساتھ یہ کہنا کہ ایرانیوں پر دھونس دھمکی کا کوئی اثر نہیں، اس بات کو ثابت کر رہا ہے کہ ایرانی قوم نے روز اول سے آج تک صرف خدا پر بھروسہ کیا ہے اور اسے دشمنوں کے مقابلے میں ہمیشہ کامیابی حاصل ہوئی ہے- اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے علاقے کی موجودہ صورت حال خاص طور پر عراق میں داعش دہشت گرد گروہ کی موجودگی کے بارے میں کہا کہ اگر کردستان کے عوام کی مزاحمت اور استقامت نہ ہوتی تو عراقی کردستان کے مرکز اربیل اور دیگر علاقوں پر داعش کا قبضہ ہو چکا ہوتا- ڈاکٹر حسن روحانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایرانی قوم مظلوموں کا دفاع کرتی رہے گی، کہا کہ خداوندعالم کی مدد و نصرت اور باہمی اتحاد کے ذریعے، علاقے اور عراق سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا ہو جائے گا- اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ ایرانی قوم نے یہ ثابت کر دکھایا ہے کہ پیچیدہ ترین مسئلے کو بھی مذاکرات کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے، اس لئے دیگر مسائل بھی مذاکرات سے حل کئے جا سکتے ہیں-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲