اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمن کے دار الحکومت صنعا میں واقع الجراف کے علاقے میں ایک مسجد کے قریب پیر اور منگل کی درمیانی رات ایک کار بم دھماکہ ہوا۔ اس کار بم دھماکے میں یمن کے پانچ شہری شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ دہشت گرد گروہ داعش نے اس دہشت گردانہ حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ دوسری جانب یمن کی فوج نے شہر عدن کے علاقے التواہی میں القاعدہ کے دہشت گردوں اور یمن کے مفرور سابق صدر عبد ربہ منصور ہادی کو جنگی ساز و سامان پہنچانے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔ یمن کے ایک سیکورٹی ذریعے نے پیر کے دن کہا کہ یہ جنگی ساز و سامان سمندری راستے سے یمن کے شہر التواہی پہنچایا جانا تھا لیکن یمن کی فوج نے عوامی فورس کی مدد سے گولہ باری کر کے جنگی ساز و سامان لانے والے ان بحری جہازوں کو پسپائی پر مجبور کر دیا۔ اس سیکورٹی ذریعے نے مزید کہا کہ عدن کے علاقے التواہی میں دہشت گرد گروہ القاعدہ کے حمایت یافتہ یمن کے مفرور سابق صدر عبدربہ منصور ہادی کے حامیوں کے ساتھ یمن کی فوج اور عوامی رضا کاروں کی جھڑپیں جاری ہیں۔ واضح رہے کہ سعودی عرب نے گزشتہ چار مہینوں کے دوران دہشت گرد گروہوں داعش اور القاعدہ کو مدد دے کر ان کو مضبوط کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲