16 جولائی 2015 - 03:40
گلگت بلتستان کے مستقبل کا فیصلہ یہاں کے عوام کرینگے، شیخ نیئر عباس

ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے سربراہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آج تک کسی کشمیری صدر اور وزیراعظم نے گلگت بلتستان کا دورہ تک نہیں کیا ہے اور بھارتی ایجنٹوں کے ایماء پر اخباری بیانات جاری کرتے رہتے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلستان کے سربراہ شیخ نیئر عباس مصطفوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ صدر و وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے گلگت بلتستان کے بارے میں بھارتی موقف کی حمایت کرکے غداری کے مرتکب قرار پائے ہیں۔ گلگت بلتستان نہ تو آزاد کشمیر کا حصہ رہا ہے اور نہ ہی یہ خطہ کسی کشمیری لیڈر نے آزاد کرایا ہے۔ یہ خطہ یہاں کے عوام نے بزور بازو ڈوگروں سے آزاد کرایا ہے، گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے میں بظاہر کوئی دشواری حائل نہیں البتہ وفاقی حکمرانوں کی بدنیتی ضرور حائل ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کا شروع دن سے مطالبہ رہا ہے کہ اس محروم خطے کو پاکستان کے دوسرے صوبوں کی طرح مکمل صوبہ بنایا جائے۔ صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر گلگت بلتستان کے متعلق سیاست کرنے سے پہلے کشمیر کے مستقبل کا فکر کرتے ہوئے اپنے عوام کو ایک پیج پر لائیں، گلگت بلتستان کے مستقبل کا فیصلہ یہاں کے عوام کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا کسی کشمیری کو کوئی حق نہیں پہنچتا کہ وہ جی بی کے معاملات میں مداخلت کرے۔ یہ علاقہ کسی بٹوارے کے نتیجے میں آزاد نہیں ہوا بلکہ یہاں کے عوام نے ڈوگروں سے جنگ لڑ کر 28 ہزار مربع میل پر مشتمل یہ خطہ آزاد کرواکر پاکستان میں شامل کیا ہے جبکہ کشمیری رہنما مسئلہ کشمیر کے نام پر انٹرنیشنل کمیونٹی سے بھیک مانگ کر مال بنانے والی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام مفت میں کشمیریوں کیلئے قربانی کا بکرا نہیں بنیں گے۔ حقیقت یہ ہے کہ آج تک کسی کشمیری صدر اور وزیراعظم نے گلگت بلتستان کا دورہ تک نہیں کیا ہے اور بھارتی ایجنٹوں کے ایماء پر اخباری بیانات جاری کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام ان نام نہاد مفاد پرست کشمیری رہنماؤں سے نفرت کرتے ہیں اور ان کے بیانات کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ گلگت بلتستان کو صوبے کا درجہ دیکر سالہا سال کی محرومیوں کا ازالہ کیا جائے۔

.....

/169